“سوزوکی سوئفٹ کے سامنے کلٹس کچھ بھی نہیں” – مالک کا ریویو

1 22,578

مالکوں کی جانب سے ریویوز کے سلسلے میں ایک مرتبہ پھر پاک ویلز پر خوش آمدید! آج ہمارے ساتھ سوزوکی سوئفٹ DLX 2012 کے ایک مالک ہیں، جو سمجھتے ہیں کہ 8 سال پرانی استعمال شدہ سوئفٹ سوزوکی کلٹس کے نئے ماڈل سے کہیں بہتر آپشن ہے۔ دلچسپ رائے ہے نا؟ آئیے دیکھتے ہیں کہ مالک اس کی کیا وجوہات پیش کرتے ہیں۔

خریداری اور قیمت

مالک نے پاک ویلز کو بتایا کہ انہوں نے جنوری 2020 میں 7 لاکھ 30 ہزار روپے میں ایک استعمال شدہ سوزوکی کلٹس 2008 خریدی تھی۔ انہوں نے اس 1000cc کلٹس کو 11 مہینے تک چلایا اور پھر اسی قیمت پر اسے فروخت بھی کر دیا – پیسہ وصول!

اس کے بعد مالک 12 سے 13 لاکھ کی قیمت پر اپنے پانچ افراد پر مشتمل خاندان کے لیے ایک زیادہ طاقتور اور ذرا کشادہ گاڑی خریدنا چاہتے تھے۔ انہوں نے پاک ویلز فورمز پر کچھ ریسرچ کی، چند دوستوں سے پوچھا اور انہیں تین آپشنز ملے: ٹویوٹا وِٹز، ڈائی ہاٹسو میرا اور سوزوکی سوئفٹ۔

انہیں پاک ویلز کے استعمال شدہ گاڑیوں کے سیکشن میں ایک بہت اچھی کنڈیشن کی سوزوکی سوئفٹ ملی۔ انہوں نے اسے ٹیسٹ ڈرائیو کیا اور پسند کر لیا۔ پاک ویلز انسپکشن رپورٹ میں 8.0 کی ریٹنگ ملنے کے بعد انہوں نے اس گاڑی کا سودا کر لیا۔

یوں کلٹس 2008 کے اس سابق مالک نے یہ 1300cc سوئفٹ 2012 DLX دسمبر 2020 میں 12 لاکھ 80 ہزار روپے میں خریدی۔

فیول ایوریج

مالک کو سوئفٹ کے فیول ایوریج کے حوالے سے کچھ پریشانی تھی۔ انہوں نے سنا تھا کہ یہ شہر میں 10 سے 11 کلومیٹرز فی لیٹر سے زیادہ نہیں دیتی۔ شکر ہے یہ بات درست نہیں تھی۔

یہ گاڑی مالک کو شہر کے اندر بغیر AC کے 13 کلومیٹرز فی لیٹر کا اچھا مائلیج دیتی ہے اور AC کے ساتھ بھی تقریباً 12.5 کلومیٹرز کا۔ کلٹس کے 14 کلومیٹرز کے فیول ایوریج کے مقابلے میں مالک کو اس گاڑی سے کوئی شکایت نہیں۔

سوزوکی سوئفٹ میں آرام

کلٹس کے سابق اور سوئفٹ کے موجودہ مالک سمجھتے ہیں کہ کلٹس کمفرٹ لیول کے مقابلے میں سوئفٹ کے قریب قریب بھی نہیں۔ سوئفٹ کی سیٹیں بہت آرام دہ ہیں۔ یہ گاڑی کشادہ ہے اور آرام سے پانچ مسافروں کو بٹھا سکتی ہے۔ خاندان کے ساتھ سفر کرنے کے لیے اس کی ڈِگی میں گنجائش بھی کافی ہے۔

‏AC کی پرفارمنس

اس گاڑی کا AC اچھی کارکردگی پیش کرتا ہے اور خوب کُولنگ دیتا ہے، یہاں تک کہ کم ترین سیٹنگ پر بھی۔ کلٹس اور دوسری 1000cc گاڑیوں کے مقابلے میں اس کا AC کھولنے سے گاڑی کی پاور متاثر نہیں ہوتی۔

گراؤنڈ کلیئرنس

یہ گاڑی زبردست گراؤنڈ کلیئرنس اور اسٹیبلٹی رکھتی ہے، چاہے اس میں پانچ مسافر ہی کیوں نہ بیٹھے ہوں۔

پارٹس کی دستیابی

لوکل مارکیٹ میں سوزوکی سوئفٹ کے پارٹس آسانی سے مل جاتے ہیں۔ سوئفٹ کے پارٹس کی قیمت بھی لگ بھگ کلٹس کے پارٹس جتنی ہی ہے۔ مالک نے پاک ویلز آٹو اسٹور سے مناسب قیمت پر ریورس پارکنگ کیمرا اور ایک اینڈرائیڈ اسکرین بھی حاصل کی۔

جو فیچرز موجود نہیں

واحد فیچر جس کی مالک کو سوزوکی سوئفٹ DLX 2012 میں کمی محسوس ہوتی ہے وہ ایئر بیگز ہیں۔

سوزوکی سوئفٹ کی خوبیاں اور خامیاں

خوبیاں

  • طاقتور 1300cc کا انجن
  • کشادہ اور آرام دہ
  • پاور پیک فیچرز
  • بہترین روڈ گرِپ
  • پیسے کا بہترین نعم البدل

خامیاں

  • ایئر بیگز نہیں

سوزوکی سوئفٹ پر آخری بات

سوزوکی سوئفٹ DLX 2012 کے مالک کے مطابق یہ گاڑی طاقت، آرام اور فیچرز کے لحاظ سے سوزوکی کلٹس سے کہیں آگے ہے۔ “آپ ‏2014-2015 ماڈل کلٹس کی قیمت میں ‏2011-12 ماڈل کی سوزوکی سوئفٹ باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر میرے پاس اتنا ہی بجٹ ہو تو میں ہر بار اسی کے حق میں فیصلہ کروں گا۔”

وڈیو دیکھیں

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.