پیٹرول کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر کمی کا امکان
گزشتہ 30 دنوں میں یہ مسلسل تیسرا موقع ہے کہ جب 31 مئی کو پیٹرول کی قیمتوں میں اگلے پندرہ دنوں کیلئے 7 روپے تک کی کمی کا امکان ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ مہنگائی کی چکی میں پِستی عوام کو کچھ سکون کا سانس ملے گا کیونکہ پاکستان میں مہنگائی کا تعلق ایندھن کی قیمتوں اتار چڑھاؤ کیساتھ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3.25 اور 2.10 ڈالر فی بیرل کی کمی دیکھی گئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول پر عائد پریمیم میں بھی کمی سامنے آئی ہے جو پچھلے 10.30 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 9.70 ڈالر ہوگیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں 7.25 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپید ڈیزل کی قیمت میں 6.25 روپے تک کمی ہو سکتی ہے۔
پٹرول کی موجودہ قیمتیں
اس سے قبل موجودہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی جس کے بعد نئی قیمت 288.49 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 273.10روپے رہ گئی ہے۔ دریں اثناء ڈیزل کی قیمت میں بھی تبدیلی کی گئی تھی، جس کے بعد نئی قیمت 274.08 روپے ہو گئی جبکہ پرانی قیمت 290.38 روپے تھی اور پیٹرول کی قیمت میں گزشتہ کمی کی وجہ بھی عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی تھی۔
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت میں کمی، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کے استحکام اور ملک میں مستحکم ہوتی ہوئی معیشت کی وجہ سے قیمتیں کم ہوئیں جو کہ ایک عام آدمی کے لیے اچھی علامت ہے کیونکہ پیٹرولیم کی قیمتیں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سے براہ راست منسلک ہیں۔
پیٹرول کی قیمتوں میں آئندہ ریلیف کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کمنٹس سیکشن میں ہمیں بتائیں۔