اگر آپ اوپن ٹرانسفر لیٹر پر اپنی گاڑی چلا رہے ہیں تو یہ جان لیں کہ پنجاب میں اب مزید اوپن لیٹرز نہیں چلیں گے۔ پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کیجانب سے گاڑی رجسٹر کروانے کیلئے 20 دن کی ڈیڈلائن دی گئی ہے جس کے بعد محکمے کی جانب سے گاڑی کا اوپن ٹرانسفر لیٹر منسوخ کر دے گا۔
محکمے کے مطابق گاڑیوں کے مالکان 30 جون تک موجودہ طریقہ کار سے اپنی گاڑیاں اپنے نام پر منتقل کرسکتے ہیں۔ یکم جولائی سے گاڑی کے خریدار اور بیچنے والے دونوں حضرات کو بائیومیٹرک وہیکل ٹرانسفر کیلئے ایکسائز آفس وزٹ کرنا ہوگا۔
محکمے کا آفیشل نوٹس یہ ہے۔
محکمہ پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے مارچ 2020 میں گاڑیوں کی ملکیت منتقلی کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کو لازمی کردیا تھا جبکہ شہری اب بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپن ٹرانسفر لیٹر پر گاڑی چلا رہے ہیں جو کہ غیر قانونی عمل ہے۔
جب کوئی شخص گاڑی خریدنے کے بعد اس کو اپنے نام ٹرانسفر نہیں کرواتا تو وہ گاڑی پرانے مالک کے نام پر ہی رجسٹر رہے گی جس کی وجہ سے تمام چالانز بھی پرانے مالک کے نام پر ہی جاری کیے جائیں گے۔
اسی طرح اگر یہ گاڑی کسی بھی مجرمانہ سرگرمی میں استعمال کی جاتی ہے تو اس صورت میں حکام سابقہ مالک کے خلاف کارروائی کریں گے۔ سرکاری نوٹس کے مطابق حکومت پنجاب نے گاڑیوں کی ملکیت منتقلی میں تاخیر کو کم کرنے اور سکیورٹی معاملات اور دھوکہ دہی سے بچنے کے لئے یہ اقدام اٹھایا ہے۔
اگر آپ گاڑی کی منتقلی میں تاخیر کررہے ہیں تو ، موجودہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے اسے 30 جون سے پہلے گاڑی کو اپنے نام کروا لیں۔ بصورت دیگر، آپ کو بائیو میٹرک تصدیق کی پریشانی سے گزرنا پڑے گا۔ گاڑی کی ملکیت کے بارے میں مزید معلومات کے لئے ، 0800-08786 پر فون کریں، 8785 پر ایس ایم ایس کریں یا محکمہ پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی آفیشل ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔