‏”ایلسوِن سٹی سے کہیں بہتر گاڑی ہے” – مالک کی نظر سے

20,401

ایک اور مالک کی نظر سے جائزہ لے کر ہم ایک مرتبہ پھر حاضرِ خدمت ہیں، اور آج ہم حال ہی میں لانچ ہونے والی چنگان ایلسوِن کا جائزہ پیش کر رہے ہیں۔ یہ گاڑی ایلسوِن کا بَیس ویرینٹ ہے 1300cc انجن اور 5-اسپیڈ ٹرانسمیشن کے ساتھ۔ مالک کے مطابق انہوں نے یہ گاڑی جنوری 2021 میں بُک کروائی تھی اور انہیں حال ہی میں ملی ہے۔

قیمت اور خریداری کا فیصلہ:

مالک نے یہ گاڑی 22,00,000 روپے میں خریدی ہے۔ تقابل کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہونڈا سٹی ایک بڑی مقابل گاڑی ہے، لیکن ان کے خیال میں ایلسوِن فیچرز اور آپشنز کے لحاظ سے سٹی سے بہتر گاڑی ہے۔ “دوسرا آپشن ٹویوٹا یارِس کا تھا، لیکن میں نے ایلسوِن کا انتخاب کیا اس کی قیمت اور فیچرز کی وجہ سے۔” انہوں نے کہا۔ مالک کے مطابق یہ گاڑی خریدنے کی ایک اور بڑی وجہ اس گاڑی کے انٹیریئر کا لُک ہے، جو اپنی مقابل گاڑیوں سے زیادہ خوبصورت ہے۔

پارٹس کی دستیابی:

مالک نے اس بات کو تسلیم کیا کہ حال ہی میں لانچ ہونے والی گاڑیوں کے پارٹس کی دستیابی میں مسئلہ ہے؛ لیکن انہیں یہ گاڑی بہت پسند آئی اس لیے انہوں نے اسے خریدنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹس کی قیمت کے بارے میں مالک کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں معلوم، اسی طرح جیسے کمپنی کو کچھ نہیں پتہ۔ انہوں نے کہا کہ “چنگان نے ہمیں بتایا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ ہمارے لیے پارٹس درآمد کریں گے۔”

سیفٹی فیچرز:

یہ گاڑی ڈوئل ایئر بیگز، ABS، پارکنگ سینسرز اور ریورس کیمرے کے ساتھ آتی ہے۔ مالک نے کہا کہ “اس کی مقابل گاڑیوں میں سیفٹی فیچرز کم ہیں۔”

ہیڈ یونٹ:

اس گاڑی میں ایک فلوٹنگ ٹچ اسکرین ہے جو بلوٹوتھ کنیکٹیوٹی اور دیگر ضروری معلومات رکھتی ہے۔ اس کے نیچے کمپنی نے USB اور چارجنگ پورٹس لگا رکھی ہیں۔

‏AC کی پرفارمنس:

بَیس ویرینٹ اینالوگ AC رکھتا ہے جس کی کارکردگی مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ “میں اس کے AC کی پرفارمنس سے خاصا مطمئن ہوں، لیکن یہ کرولا GLi سے تھوڑا ہلکا ہے، جو اس سے پہلے میرے پاس تھی۔ ”

فیچرز جو موجود نہیں:

مالک کے مطابق کروز کنٹرول اور ری ٹریکٹ ایبل سائیڈ ویو مررز اس گاڑی میں موجود نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “اس کے مررز آٹو ایڈجسٹ ایبل تو ہیں لیکن ری ٹریکٹ ایبل نہیں ہیں۔”

‏MID ڈسپلے:

‏MID میں ڈجیٹل RPM، ڈجیٹل ٹمپریچر گیج، فیول کنزمپشن میٹر اور گیئر انفارمیشن ہیں۔ یہ میٹر بہت جدید لُک رکھتا ہے اور ڈرائیور کو کافی بنیادی معلومات فراہم کرتا ہے۔

فیول ایوریج:

مالک کے مطابق شہر کے اندر فیول ایوریج 11.5 سے 12.5 کلومیٹرز فی لیٹر ہے لیکن کیونکہ انہوں نے یہ گاڑی لمبے رُوٹ پر نہیں چلائی اس لیے وہ اس کے اوسط کے بارے میں نہیں جاتے۔

بیٹھنے کی گنجائش:

مالک کے مطابق بیٹھنے کی گنجائش اگلی نشستوں پر کافی کشادہ ہے، لیکن پچھلی نشستیں ذرا تنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “یہ گنجائش کرولا سے کم ہے، لیکن سٹی سے بہتر ہے۔” اس کے علاوہ اس گاڑی میں چار لوگ با آسانی سفر کر سکتے ہیں، جبکہ پانچ مسافروں ہوں تو جگہ ذرا تنگ ہو جاتی ہے۔

ری سَیل:

کیونکہ یہ گاڑی حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے، اس لیے اس کی ری سَیل ویلیو کا اندازہ لگانا ذرا مشکل ہے۔ البتہ مالک کے مطابق یہ گاڑی اس وقت پریمیم پر فروخت ہو رہی ہے؛ یہاں تک کہ شو روم مالکان بھی ان سے یہ گاڑی حاصل کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں۔

بریک، سسپنشن اور گراؤنڈ کلیئرنس:

مالک کے مطابق بریک پرفارمنس بہت اچھی ہے جبکہ اس کا سسپنشن کرولا اور سٹی جیسا ہی ہے۔ البتہ گراؤنڈ کلیئرنس کی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ چار افراد کو بٹھانے کے بعد تو بہت مناسب ہے؛ لیکن پانچ مسافر بیٹھے ہوں تو ذرا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔

ڈِگی کی گنجائش:

مالک نے ہمیں بتایا کہ گاڑی کی ڈِگی میں کافی گنجائش ہے اور آپ اپنے خاندان اور سامان کے ساتھ باآسانی سفر کر سکتے ہیں۔

گاڑی کا پِک:

سوال کا جواب دیتے ہوئے مالک نے ہمیں بتایا کہ گاڑی کا پِک اطمینان بخش ہے، بلکہ کرولا سے بھی بہتر ہے، جس کی وجہ اس کا نسبتاً چھوٹا سائز اور کم وزن ہونا ہے۔

وڈیو دیکھیں:

Google App Store App Store

تبصرے بند ہیں.