ایک اور چنگان ایس یو وی اوشان ایکس 7 نظر آ گئی –خصوصیات اور تفصیلات
ایسا لگتا ہے چنگان ماسٹر موٹرز کی جانب سے SUVs کی بھرمار کی جا رہی ہے، کیونکہ کمپنی کی ایک اور SUV کراچی میں دیکھی گئی ہے۔ اس مرتبہ جو SUV دیکھی گئی ہے وہ اوشان X7 ہے۔ یہ UNI-T اور CX70T کے بعد چنگان کی تیسری SUV ہے جسے پاکستانی سڑکوں پر دیکھا گیا ہے۔ یہ واضح ثبوت ہے کہ چنگان پاکستان میں اپنی SUV لانچ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اس لیے وہ مقامی سڑکوں پر مختلف گاڑیاں ٹیسٹ کر رہا ہے۔ اوشان X7 نے چین میں شنگھائی آٹو شو 2019 سے آغاز لیا تھا۔
اس گاڑی کی خصوصی تصویریں یہ رہیں:
اس سے پہلے ہم UNI-T کی انٹرنیشنل خصوصیات و تفصیلات پیش کر چکے ہیں اور اب ہم انٹرنیشنل مارکیٹ میں اوشان X7 کے نمایاں فیچرز کے ساتھ حاضر ہیں۔ تو اپنی سیٹ بیلٹس باندھ لیجیے۔
ایکسٹیریئر:
اگلے حصے میں آپ کو ایک بڑی چھ کونوں والی (hexagonal) گرِل نظر آئے گی جسے افقی پٹیوں کے ساتھ پیش کی گئی ہے۔ یہ پٹیاں نیچے کی طرف بائیں سے دائیں جانب پھیلی ہوئی ہیں۔ گاڑی کی ہیڈ لائٹس کافی تیز اور ہموار ہیں جن میں LED نصب ہیں۔ ہیڈ لائٹس کا اندرونی اسٹرکچر کافی سادہ سا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی لمبائی میں 4705mm، چوڑائی میں 1860mm اور اونچائی میں 1720mm ہے۔ گاڑی کا ویل بَیس 2780mm ہے۔
سائیڈز دیکھیں تو آپ کو مضبوط کریکٹر لائن نظر آئے گی، جو ہیڈ لائٹس سے شروع ہوتی ہوئی پیچھے ٹیل لائٹس تک جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اسٹرَیٹ لائن ڈیزائن کے ساتھ چھت کافی سادہ ہے۔ کمپنی نے اس میں 20 انچ الائے ویلز لگا رکھے ہیں۔
انٹیریئر:
اوشان X7 ملٹی فنکشن اسٹیئرنگ ویل اور پاور وِنڈوز رکھتی ہے۔ ڈرائیور اور آگے بیٹھنے والے مسافر کی نشستیں وینٹی لیٹڈ، ہیٹڈ اور الیکٹریکلی ایڈجسٹ ایبل ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی نے LCD انسٹرومنٹ پینل مع نیوی گیشن اور بلوٹوتھ بھی انسٹال کر رکھا ہے۔ X7 میں اموبلائزر، کی لیس انجن اسٹارٹ، سینٹرل لاک اور الیکٹرک ٹرنک آپشنز بھی ہیں۔
سیفٹی:
یہ گاڑی ڈرائیور، پیسنجر، فرنٹ، ریئر اور سائیڈ ایئر بیگز رکھتی ہے۔ دوسرے سیفٹی فیچرز میں ABS + EBD، بریک اسسٹ، پینورامک کیمرا، ٹریکشن کنٹرول اور ہل اسٹارٹ اسسٹ شامل ہیں جو اس گاڑی کو کافی محفوظ بناتے ہیں۔
نوٹ: یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ خصوصیات اور تفصیلات انٹرنیشنل X7 کی ہیں، اور اس کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ تمام خصوصیات پاکستان میں پیش کی گئی گاڑیوں میں بھی ہوں گی۔ کمپنی مقامی مارکیٹ اور سڑکوں کی ضروریات کے مطابق تبدیلی بھی کر سکتی ہے۔