“مینوفیکچررز! ہر گاڑی میں ایئربیگز لازمی لگائیں” –لاہور ہائی کورٹ کا حکم
لاہور ہائی کورٹ نے حال ہی میں انجینیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) کو ایک حکم دیا ہے۔ اس حکم نامے کے تحت ہائی کورٹ نے آٹو مینوفیکچررز کے لیے مقامی طور پر بنائی جانے والی گاڑیوں میں ایئر بیگز انسٹال کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ آٹو مینوفیکچررز نے اس سیفٹی ریگولیشن کے نفاذ کے لیے ‘گریس پیریڈ’ یعنی ڈیڈلائن گزرنے کے بعد بھی کچھ وقت مانگ لیا ہے۔
آٹو انڈسٹری ڈولپمنٹ کمیٹی (AIDC) نے بورڈ آف انوسٹمنٹ (BOI) میں ایک میٹنگ کی۔ سیکرٹری AIDC نے اس اجلاس کو بتایا کہ پاکستان WP.29 ریگولیشنز قبول کر چکا ہے، لیکن آٹو انڈسٹری کو اب بھی ان ریگولیشنز کا نفاذ کرنا ہے۔ علی اصغر جمالی، چیئرمین پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA)، کا کہنا ہے کہ صنعت نے مرحلہ وار انداز میں WP.29 ریگولیشنز کے نفاذ پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اجلاس میں جناب طارق احمد خان، ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) انڈس موٹرز، نے چیئرمین PAMA کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کو ایئر بیگز کے سیفٹی ریگولیشن کے نفاذ کے لیے گریس پیریڈ کی ضرورت ہے۔ چیئرمین انجینیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) نے بعد میں اس معاملے پر نئے اداروں سے رائے بھی طلب کی۔
تمام نئے اداروں کی رضامندی کے بعد چیئرمین PAMA نے ٹائم لائنز کے ساتھ 16 شارٹ لسٹ کی گئی ریگولیشنز کے نفاذ کی اجازت دی، جن میں ایئر بیگز بھی شامل ہے۔ اجلاس اس ایکشن آئٹم کے ساتھ ملتوی کیا گیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) اپنے SRO (Statutory Regulatory Order) 656 میں مقررہ ٹائم لائنز کے ساتھ یہ 16 ریگولیشنز شامل کرے گا۔ لاہور ہائی کورٹ نے انجینیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) کو حکم دیا کہ وہ SRO 656 کے تحت مذکورہ ایئر بیگز اور دیگر سیفٹی ریگولیشنز کے نفاذ کو یقینی بنائے۔
WP.29 وہیکل ریگولیشنز
UNECE ورلڈ فورم فار ہارمنائزیشن آف وہیکل ریگولیشنز (WP.29) گاڑیوں اور گاڑیوں کے ایکوئپمنٹ کے لیے ایک منفرد عالمی ریگولیٹری فورم ہے۔ WP.29 کے رکن ممالک 1958، 1977 اور 1998 کے تین اقوام متحدہ کے معاہدوں کی پیروی کرتے ہیں۔ پاکستان نے 1958 کے معاہدے کے تحت وہیکل ریگولیشنز کو تسلیم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
آخری بات
ایئر بیگز کسی بھی گاڑی کے اسٹینڈرڈ سیفٹی فیچرز میں سے ایک ہے۔ ایئر بیگز کے بغیر گاڑیاں ایسی ہیں جیسی پہیوں پر تابوت اور مقامی اسمبلرز گویا اس تابوت کو کندھا دینے والے۔ کچھ عرصہ پہلے ایک شہری نے مسافر اور دوسری گاڑیوں میں ایئر بیگز کو لازم قرار دلوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کا رُخ کیا تھا۔ آٹو انڈسٹری ڈیولپمنٹ کمیٹی (AIDC) اور لاہور ہائی کورٹ (LHC) نے آٹو مینوفیکچررز کو مقامی طور پر اسمبل کی جانے والی گاڑیوں میں ایئر بیگز انسٹال کا حکم دے کر بالکل درست قدم اٹھایا ہے۔ دیکھتے ہیں کہ اس قانون کے نفاذ کے لیے جو “گریس پیریڈ” مانگا گیا ہے وہ کتنا طویل ہوتا ہے۔