21 دسمبر: کون سی گاڑی جلوہ افروز ہونے کو ہے؟

0 146

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سال 2016 گاڑیوں کے شعبہ کے لیے دور رس نتائج اور خوشخبریوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوا چاہتا ہے۔ رواں سال دسویں جنریشن ہونڈا سوک، بی ایم ڈبلیو X1، مرسڈیز E-کلاس اور ٹویوٹا فورچیونر اور ہائی لکس ریوُو کی پاکستان آمد اور مستقبل قریب میں آوڈی Q2، سانگ یانگ تیوُولی، اور نسان ڈاٹسن گو کی متوقع پیشکش کو بہت مثبت پیش رفت سے تعبیر کیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ علاوہ ازیں اب سے چند ہفتوں قبل پاک ویلز نے پاکستان میں نئی سوزوکی ویتارا کی عنقریب پیشکش سے متعلق بھی خبر دی تھی۔ پاک ویلز کو اپنے ذرائع سے حاصل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درآمد شدہ سوزوکی ویتارا کی بڑی تعداد کراچی میں محمد بن قاسم بندرگاہ پر موجود ہے۔ اس حوالے سے میں نے ایک تفصیلی مضمون قارئین کی نظر کیا جس میں سوزوکی ویتارا کی پاکستان آمد سے متعلق امکانات کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سوزوکی ویتارا کی پاکستان آمد؛ تمام معلومات اور تفصیلی جائزہ

پاکستان میں نئی سوزوکی گاڑی کی گونج میں رواں ہفتے پاک سوزوکی کے فیس بک صفحے پر ایک تصویر پیش کی گئی جس نے صورتحال کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ پاک سوزوکی نے تصویر کے ساتھ #WayOfLife اور #TheGameChanger جیسے ہیش ٹیگز استعمال کر کے یہ پیغام تو دے ہی دیا کہ 21 دسمبر کو کسی نئی گاڑی سے پردہ اٹھایا جانے والا ہے تاہم یہ کون سی گاڑی ہوگی؟ یہ سوال ہنوز جواب طلب ہے۔ اس سے قبل پاک سوزوکی نے 8-سیکنڈز کی ایک چھوٹی سی ویڈیو بھی پیش کی ہے جس میں نئی سوزوکی ویتارا کی مختلف جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

لیکن پھر کچھ ہی دیر بعد پاک سوزوکی نے گاڑی کا معمولی سا خاکہ تصویری شکل میں بھی پیش کیا ہے جو کافی دلچسپ اور الجھن میں مبتلا کردینے والا ہے۔ گاڑی کے اس خاکے کا بغور معائنہ کیا جائے تو اس میں سوزوکی ویتارا کے برعکس طویل عرصے سے خبروں میں رہنے والی سوزوکی سلیریو سے زیادہ مشابہت نظر آرہی ہے۔ باوجودیکہ گاڑی کے کچھ حصے بشمول چھت کا زاویہ سوزوکی سلیریو سے ملتا جلتا نہیں لیکن یہ سوزوکی ویتارا سے بھی میل نہیں کھارہا۔

سوزوکی سلیریو

سوزوکی سلیریو

سوزوکی ویتارا

سوزوکی ویتارا

سوزوکی سلیریو کی ممکنہ آمد سے متعلق خبریں ایک عرصے سے گردش کر رہی ہیں۔ اسے 1000cc انجن والی گاڑیوں میں سب سے مشہور سوزوکی کلٹس کا متبادل قرار دیا جاتا ہے۔ پاک ویلز پر سلیریو کے پیشکش کے امکانات پر بہت کچھ لکھا جاچکا ہے تاہم کار ساز ادارے پاک سوزوکی نے اس بارے میں کبھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ مزید برآں گزشتہ جمعہ ایک دعوت نامے کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی نظر آئی جس میں کراچی کے تمام ڈیلرز کو نئی سوزوکی ویتارا کی تعارفی تقریب میں 25 دسمبر 2016 کو مدعو کیا گیا ہے۔

invite

اس سے یہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ پاک سوزوکی 21 دسمبر 2016 کو سوزوکی ویتارا ہی کو باضابطہ طور پر متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے جبکہ ڈیلرشپس پر اس کی دستیابی 25 دسمبر 2016 کے بعد ہوگی۔ موجودہ صورتحال میں میری رائے یہی بن رہی ہے کہ پاک سوزوکی سوشل میڈیا ٹیم نے ایک عام گاڑی کی جھلک دکھا کر لوگوں کی دلچسپی بڑھانے کی کوشش کی ہے اور درحقیقت یہ تصویری خاکہ کسی مخصوص گاڑی کا عکس نہیں ہے۔

اب سے چند روز پہلے سوزوکی سیاز سیڈان بھی بن قسم بندرگاہ پر دیکھی جاچکی ہے۔ بعد ازاں ٹرک پر مزید گاڑیاں بھی دیکھی گئیں تاہم وہ سیڈان طرز کی معلوم نہیں ہوتیں۔ اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ سوزوکی سیاز کو اتنی جلد پیش کیا جاسکتا ہے۔ البتہ پاک سوزوکی سے کوئی بعید بھی نہیں کہ وہ پاکستانی صارفین کو حیران کرتے ہوئے ایک نہیں بلکہ بیک وقت تینوں گاڑیوں کو پیش کردے جس میں سلیریو ہیچ بیک، سیاز سیڈان اور ویتارا کراس اوور شامل ہوں۔

یہ بات واضح ہے کہ نئی آٹو پالیسی 2016-2021 کے بعد پاک سوزوکی نے اپنی کاروباری حکمت عملی کو ازسر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہم اس بابت کوئی حتمی بات کرنے سے قاصر ہیں کہ پاک سوزوکی کونسی نئی گاڑی متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ درحقیقت یہ الجھن، جسے آپ بے قراری بھی کہہ سکتے ہیں، ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان میں گاڑیوں کا شعبہ مثبت سمت کی طرف رواں دواں ہے اور سال بہ سال اس کے بہتر سے بہتر ہونے کی امید بڑھتی جارہی ہے۔

تو قارئین، آپ بتائیے کہ 21 دسمبر 2016 کو کون سی نئی گاڑی جلوہ افروز ہونے کو ہے؟
1: سوزوکی سلیریو ہیچ بیک
2: سوزوکی ویتارا کراس اوور
3: سوزوکی سیاز سیڈان
4: تینوں سوزوکی گاڑیاں

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.