بھارت میں الیکٹرک جی-ویگن کب لانچ ہوگی؟ کی تاریخ کا اعلان
جرمن آٹومیکر مرسڈیز بینز اپنی لائن اپ کو روایتی انجنوں کے بعد اب الیکٹرک گاڑیوں کو بھی بھارت میں وسعت دے رہا ہے۔ نیا سال قریب ہے اور کمپنی اسے پُرکشش انداز میں شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
کمپنی بھارت کی مارکیٹ میں اپنی مہنگی ترین الیکٹرک جی ویگن 9 جنوری 2025 کو پیش کرنے جا رہی ہے۔ یہ الیکٹرک ایس یو وی جو کہ فلیگ شپ جی-کلاس (G 580) سیگمنٹ پر مبنی ہے، لیڈر فریم چیسز کا استعمال کرے گی۔ بھارت کیلئے یہ سفر اگلے سال مکمل ہو گا، جس کا آغاز EQG کانسیپٹ کے طور پر لاس ویگاس میں منعقدہ کنزیومر الیکٹرانکس شو (CES) میں ہوا تھا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کمپنی اس SUV کا کمپلیٹلی بلٹ یونٹ (CBU) لانچ کرے گی، جس کا مطلب ہے کہ یہ مکمل طور پر تیار شدہ درآمدی گاڑی ہوگی۔ مزید برآں، بھارتی مارکیٹ میں اس الیکٹرک جی-ویگن کی تعداد محدود رکھی جائے گی، اور یہ ہر سال اسی طرح محدود رہے گی۔
فیچرز و دیگر خصوصیات
چونکہ یہ گاڑی بھارت کی الیکٹرک مارکیٹ میں ایک اعلیٰ درجے کی لگژری e-SUV کے طور پر پیش کی جا رہی ہے، لہذا اس میں جدید ترین خصوصیات کی موجودگی یقینی ہے۔ اندرونی کیبن میں ڈوئل 12.3 انچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم، پیچھے بیٹھے مسافروں کے لیے انٹرٹینمنٹ اسکرینز، ڈرائیور ڈسپلے کے ساتھ ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو، ایڈوانسڈ ڈرائیور اسسٹنس سسٹم (ADAS) ٹیکنالوجی، برمیسٹر ساؤنڈ سسٹم، 360-ڈگری کیمرا اور دیگر کئی خصوصیات شامل ہوں گی۔
طاقت اور پرفارمنس
اس الیکٹرک جی-کلاس کی طاقت کے حوالے سے آٹومیکر نے اس گاڑی کی طاقت، اسٹائل اور کلاس کو متوازن رکھنے کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔ اس SUV میں کواڈ موٹر AWD الیکٹرک ڈرائیو ٹرین موجود ہو گی، جس میں چار الیکٹرک موٹرز (ہر وہیل کے لیے مخصوص ایک موٹر) نصب کی گئی ہیں۔ یہ موٹرز مجموعی طور پر 579 bhp کی طاقت اور 1,164 Nm کا ٹارک فراہم کریں گی، جبکہ اس کی الیکٹرانک حد رفتار 180 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گی۔
اس شاندار طاقت کے ساتھ، یہ گاڑی صرف پانچ سیکنڈ سے کم وقت میں صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے – ایک برق رفتاری کے قریب تر کارکردگی۔ 116kWh انڈر فلور بیٹری پیک کے ذریعے یہ الیکٹرک SUV ایک مرتبہ چارج ہونے پر 473 کلومیٹر تک کی رینج فراہم کرے گی۔
قیمت
جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے، یہ الیکٹرک جی-کلاس CBU گاڑی کے طور پر پیش کی جا رہی ہے، لہذا اس کی قیمت مقامی اسمبلی (CKD) یونٹس کے مقابلے میں زیادہ ہو گی۔ بھارت میں جی-کلاس SUV کے پیٹرول انجن والے ماڈل کی قیمت تقریباً 2.50 کروڑ بھارتی روپے (82,000,475 پاکستانی روپے) ہے، تاہم الیکٹرک SUV کی قیمت تقریباً 3 کروڑ بھارتی روپے (98,400,570 پاکستانی روپے) تک پہنچنے کا امکان ہے۔
جرمن کار ساز کمپنی نے الیکٹرک جی-کلاس کو پہلے ہی یورپی مارکیٹ میں لانچ کر دیا ہے، جہاں اس کی قیمت €142,621 سے شروع ہوتی ہے۔