سوزوکی بولان کی پروڈکشن ہمیشہ کیلئے بند کر دی گئی
پاک سوزوکی نے بولان کو آفیشلی طور پر ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ چند سالوں سے بولان کیری ڈبہ کی بندش کی خبریں گردش کر رہی تھیں، لیکن اب یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ آپ کو اب سڑک پر نیا بولان نہیں نظر آئے گا۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر اس وقت عام ہوئی جب اس گاڑی سے متعلق ایک تصویر سامنے آئی جس پر لکھا تھا کہ “بائے بائے Y88V بولان، پیداوار کا اختتام اور آخری چیسز نمبر 01151691″۔ پاک ویلز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کمپنی کے ایک عہدیدار نے اس بات کی تصدیق بھی کردی ہے۔
سوزوکی بولان کا اختتام
سوزوکی بولان کا سفر اب ختم ہو چکا ہے اور اسے جلد ہی نئی سوزوکی ایوری کو اس کے متبادل کے طور پر لایا جائے گا۔ پاکستانی صارفین کے لیے یہ ایک طویل انتظار تھا کیونکہ یہ گاڑی واقعی کافی پرانی ہو چکی تھی، جس میں کچھ خاص فیچرز اور سیفٹی فیچرز نہیں تھے۔ لوگ اسے اس لئے خرید رہے تھے کیونکہ چنگان کارواں اور بولان کے علاوہ کوئی اور آپشن موجود نہیں تھا۔ سوزوکی بولان کو بہت سادہ اور دہائیوں پرانی شکل، آرام دہ ڈرائیو کی کمی کی وجہ سے شکایات کا سامنا رہا۔ صارفین اس کی تبدیلی کا مطالبہ کر رہے تھے اور ایسا لگتا ہے کہ سوزوکی نے بالآخر ان کی بات سن لی ہے۔
سوزوکی بولان کی تبدیلی
سال 2021 میں، توقع کی جا رہی تھی کہ کمپنی اسے بند کر دے گی کیونکہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ، جو کہ آٹو انڈسٹری کا ریگولیٹری ادارہ ہے، نے ہدایت کی کہ تمام کار کمپنیاں ایئر بیگز کے ساتھ گاڑیاں اسمبل کریں۔ تاہم، اس وقت کمپنی نے ان افواہوں کی تردید کی۔ پھر 2022 میں کار اسمبلر نے سوزوکی بولان کا ایک اے سی ویرینٹ متعارف کرایا جو بدقسمتی سے بہت کم عرصے تک چلا اور اسی سال بند کر دیا گیا۔
اب سوال یہ ہے کہ کون سی گاڑی اس لیجنڈری بولان یا “کیری ڈبہ” کی جگہ لے گی؟ تو اس کا جواب سادہ ہے جس کا پہلے ذکر کر دیا گیا ہے اور وہ ہے سوزوکی ایوری۔ کمپنی نے لاہور میں ہونے والے آٹو شو میں مقامی سطح پر تیار کی گئی نئی ایوری کی رونمائی کی تھی لیکن لانچ میں مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر ہوتی رہی، جن میں ایل سی کے اجراء پر پابندی اور اس کے بعد سی کے ڈی کٹس کی درآمد شامل ہیں۔ تاہم، یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ کمپنی نئی سوزوکی ایوری کو اکتوبر 2024 کے دوسرے ہفتے میں لانچ کرے گی۔
آپ سوزوکی بولان کے اختتام کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟ اپنی رائے کمنٹس سیکشن میں ضرور دیں۔