اسلام آباد: ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ مزید سخت کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد سمیت ملک بھر کی سڑکوں پر غیرذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کا اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمن نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل کو مزید سخت کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ آئی جی اسلام کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لیے ٹیسٹوں کو مزید سخت کیا جائے۔
آئی جی اسلام آباد نے مختلف محکموں میں معاملات کی انسپیکشن کی غرض سے اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
دورے کی تفصیلات
ایس ایس پی سید کرار حسین نے آئی جی کا استقبال کرتے ہوے انھیں معاملات سے آگاہ کیا۔ آئی جی نے ٹریفک پولیس کی خدمات کو سراہا اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ خود کو سب سے زیادہ قابل فورس ثابت کریں اور دیگر پولیس محکموں کے لئے ایک ماڈل بن کر ابھریں۔ اس دورن آئی جی نے سڑک پر شہریوں کی حفاظت پر زور دیا۔
انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کریں ڈرائیورز حضرات کی کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنے کے لئے خصوصی مہم چلائیں۔
انہوں نے براہ راست کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا طریقہ کار ٹیسٹ کے مقابلے میں ایک باقاعدہ رسم بن گیا ہے۔ انہوں نے آفیشلز سے کہا کہ وہ اسے اتنا سخت کریں کہ صرف اہل ڈرائیورز کو ہی لائسنس مل سکیں۔
آئی جی نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انھوں نے ٹریفک پولیس فورس سے مزید کہا کہ وہ ون وہیلنگ، نان پیٹرن نمبر پلیٹس، روٹس کی عدم تکمیل، اوورلوڈنگ اور مسافروں کے ساتھ غیر مہذب رویہ اپنانے جیسے عوامل کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
اس دوران ایس ایس پی کرار نے آئی جی کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے35000 افراد کو جرمانے کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پی شہریوں کی سہولت کے لئے مختلف اقدامات کررہی ہے جس میں ڈیجیٹل چالان اور ڈرائیونگ لائسنس کے لئے سافٹ ویئر، ٹریفک سے متعلق آگاہی اور مفت ہیلمٹ کی تقسیم شامل ہے۔