ہیول H6 کے فیس لفٹ کا نیا ٹیزر سامنے آگیا
کراس اوور اور ایس یو ویز کے مداحوں کیلئے ہیول H6ایک گاڑی سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ کار برانڈ چینی کمپنی گریٹ وال موٹرز (GWM) کی سرپرستی میں کام کرتا ہے۔ ایک زمانے میں چین کی مشہور SUV اب بھی پاکستانی مقامی مارکیٹ میں اپنے پیٹرول اور ہائبرڈ ویرینٹس کے ساتھ کامیاب نظر آتی ہے۔
اسی لائن اپ میں ہیول H6 ایک مقبول کار کے طور پر نمایاں ہے۔ اسی سے متعلق صارفین کے لیے ایک دلچسپ خبر ہے کیونکہ کمپنی ہیول H6 کے نئے فیس لفٹ کا نیا ٹیزر جاری کر چکی ہے جبکہ کمپنی اگلے ہفتے گاڑی کی رونمائی کرنے جا رہی ہے۔ جس کے بعد رواں سال کے آخر میں کار کی فروخت بھی شروع کر دی جائے گی۔
گاڑی میں متوقع تبدیلیاں
سائز
ہیول H6 کے نئے فیس لفٹ کا ڈیزائن دیکھنے میں موجودہ ویرینٹ سے مختلف ہے اور دونوں گاڑیوں میں یہاں سائز کا بھی فرق نظر آتا ہے۔ سائز کی بات کریں تو نئے آنے والے فیس لفٹ ماڈل کی لمبائی موجودہ ویرینٹ سے 50 ملی میٹر بڑی ہے۔ یعنی کہ گاڑی کی لمبائی بڑھا کر اب 4703 ملی میٹر کر دی گئی ہے۔
ڈیزائن
اسی طرح ڈیزائن کی بات کریں تو یہاں اہم تبدیلیوں میں سب سے پہلے گاڑی کا فرنٹ پروفائل آتا ہے جو بالکل نئے ڈیزائن کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ پچھلے سال، گاڑی کی گرِل میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔ تاہم، اس سال، بڑی گرِل دیکھنے کو ملے گی۔ اس کے علاوہ فرنٹ اور رئیر پروفائل میں مزید بھی کی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
انجن
کارکردگی کے لحاظ سے پاور ٹرینز کی بڑی حد تک کوئی تبدیلی نہ ہونے کی توقع ہے۔ یعنی کہ اب بھی امید ہے کہ دو آپشنز ملیں گے جن میں 1.5 لیٹر انجن اور 135 کلو واٹ موٹر کے ساتھ 7 سپیڈ ویٹ ڈوئل کلچ گئیر باکس یا 2.0 لیٹر انجن اور 170 کلو واٹ موٹر کے ساتھ 7 سپیڈ ڈوئل کلچ یونٹ شامل ہو سکتے ہیں۔
ہیول H6چین میں ایک کامیاب ترین گاڑی رہی ہے جو کہ 2023 میں سیلز کے کے لحاظ سے چھٹی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ایس یو وی دیکھی گئی ہے۔ اس نئی شکل کے ساتھ، گریٹ وال موٹرز کا مقصد مارکیٹ میں اپنی رفتار کو برقرار رکھنا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی برآمدی منصوبے بھی رکھتی ہے۔ ہیول H6 جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی مختلف ترقی پذیر مارکیٹس میں فروخت ہو رہی ہے۔
H6 کے آنے والے فیس لفٹ کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کمنٹس سیکشن میں ہمیں بتائیں۔