ہیول H6۔ ہیول جولئین۔ ہیونڈائی ٹوسان FWD۔ ایک تفصیلی موازنہ

مختلف گاڑیوں تفصیلی موازنوں کی سیریز کو جاری رکھتے ہوئے اس بلاگ میں ہم حال ہی میں لانچ ہونے والی ایس یو ویز ہیول H6، ہیول جولئین اور ہیونڈائی ٹوسان کا تفصیلی موازنہ کریں گے جس میں ہم ان تینوں گاڑیوں کی پیمائش، انجن، ایکسٹیرئیر، انٹیرئیر اور سیفٹی سمیت دیگر فیچرز پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔

پیمائش

ان تینوں گاڑیوں کی پیمائش کی بات کی جائے تو ہیول ایچ 6 کی لمبائی 4653 ملی میٹر، چوڑائی 1886 ملی میٹر جبکہ اونچائی 1724 ملی میٹر ہے۔ اسی طرح جولئین کی بات کی جائے تو اس کی لمبائی 4468 ملی میٹر، چوڑائی 1841 ملی میٹر اور اونچائی 1619 ملی میٹر ہے جبکہ ہیونڈائی ٹوسان کی لمبائی 4480 ملی میٹر، چوڑائی 1850 ملی میٹر اور اونچائی 1160 ملی میٹر ہے۔ پیمائش کے موازنے کے بعد ہم اس نتیجے تک پہنچے ہیں کہ H6 ان تینوں ایس یو ویز کی نسبت کافی بڑی ہے۔

انجن اور ٹرانسمشن

کسی بھی دو یا اس سے زائد گاڑیوں کے درمیان موازنے میں انجن، ٹرانسمشن اور پاور کا موازنہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ مذکورہ گاڑیوں کے انجن اور ٹرانسمشن کا موازنہ کیا جائے تو ہیول کی ایس یو ویز 1500 سی سی ٹربو انجن کیساتھ آتی ہیں جبکہ ہیونڈائی ٹوسان 2000 سی سی نیچرلی ایسپائریٹڈ انجن کیساتھ آتی ہے۔

اسی طرح H6 اور جولئین کے انجنز147 ہارس پاور پیدا کرتے ہیں جبکہ ہیونڈائی ٹوسان کا انجن 155 ہارس پاور پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ موازنے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اگر ٹارک کی بات کی جائے تو H6 Nm230، جولئین  Nm220 جبکہ  ٹوسان  196Nm ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس موازنے سے ظاہر ہو چکا ہے کہ جہاں ایک طرف ٹوسان کی ہارس پاور زیادہ ہے تو دوسری جانب ہیول ایس یو ویز کی ٹارک زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ ہیول ایس یو ویز 7 سپیڈ DCT کیساتھ  ٹوسان پر سبقت لے جاتی ہے جو کہ 6 سپیڈ آٹومیٹک رکھتی ہے۔ اسی طرح ہیول اور H6 میں چار ڈرائیونگ موڈز متعارف کروائے گئے ہیں۔ جن میں سٹینڈرڈ، سپورٹ، اکنامی اور سنو شامل ہیں جبکہ ٹوسان تین ڈرائیونگ موڈز کیساتھ آتی ہے۔

ایکسٹیرئیر

دیگر کئی فیچرز کی طرح ان تینوں ایس یو ویز کا ایکسٹیرئیر کی بات کی جائے تو جولئین اور H6 LED ہیڈلائٹس رکھتی ہیں جبکہ ٹوسان LED کارنرنگ لائٹس کیساتھ آتی ہے۔ ان تینوں گاڑیوں میں DRLs اور TAIL لائٹس LED ہیں جبکہ H6 میں فوگ لائٹس LED ہیں جبکہ ٹوسان میں ہیلوجن فوگ لائٹس متعارف کروائی گئی ہیں اورجولئین میں ایسا کوئی فیچر نہیں پایا جاتا۔

یہ تینوں ایس یو ویز 18 انچ کے الائے وہیلز کیساتھ آتی ہیں۔ دوسری جانب ہیول اپنی ایس یو ویز میں 17 انچ کے سپیس سیورز وہیلز آفر کرتی ہے جبکہ ٹوسان سپئیر ٹائر کے طور پر 18 انچ کا الائے وہیل رکھتی ہے۔ اہم ترین بات یہ کہ ان تینوں گاڑیوں میں کی لیس انٹری کا فیچر دیا گیا ہے۔

انٹیرئیر

انٹریئیر کا موازنہ کرتے ہوئے سب سے پہلے ہم ان فیچرز کی بات کریں گے جو ان تینوں گاڑیوں میں یکساں ہیں۔ ان فیچرز میں پینورامک سن روف، وائرلیس چارجر اور ڈرائیور لمبر سپورٹ شامل ہیں۔ اسی طرح ہیول ایس یو ویز میں ڈرائیونگ سیٹ 6 وے الیکٹرک ہے جبکہ ٹوسان میں ڈرائیونگ سیٹ 8 وے الیکٹرک ہے۔ H6 اور جولئین میں پیسنجر سیٹ 4 وے ہے جبکہ ٹوسان میں یہ فیچر نہین دیا گیا۔ سیٹ کوالٹی کا موازنہ کیا جائے تو ہیول کی گاڑیوں میں لیدڑ سیٹس ہیں جبکہ ہیونڈائی کی ٹوسان میں فیبرک سیٹس دی گئی ہیں۔

ہیول ایس یو ویز میں انفوٹینمنٹ سکرین کا سائز 10.25 انچ ہے جبکہ ٹوسان میں سکرین سائز 10.1 انچ ہے۔ ان تینوں ایس یو ویز میں رئیر وینٹس کے ساتھ ڈوول زون AC دیا گیا ہے۔

سیفٹی

کسی بھی گاڑی میں پائے جانے والے سیفٹی فیچرز جو آپ کو کسی بھی جان لیوان خطرات سے آگاہ کرتے ہیں، بڑی اہمیت کا حامل ہوتے ہیں اور بڑی حد تک صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں بھی کامیاب رہتے ہیں۔ ایسے میں ان تینوں میں یکسان سیفٹی فیچرز پر روشنی ڈالی جائے تو ان میں ہِل ڈیسنٹ اسسٹ، ہِل سٹارٹ اسسٹ، الیکٹرانک سٹیبلٹی کنٹرول، ٹریکشن کںٹرول سسٹم،  بریک اسسٹ، الیکٹرانک پارکنگ بریکس، اوور سپیڈ وارننگ، آٹو ہولڈ شامل جیسے فیچرز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ہیول اپنی گاڑیوں میں کچھ اضافی سیفٹی فیچرز دیتا ہے۔ ہیول کی گاڑیوں میں فارورد کولیژن وارننگ، آٹو ایمرجنسی بریک، لین ڈیپارچر وارننگ، لین کیپ اسسٹ، ٹریفک سائن ریکگنیشن، کارنرنگ بریک کنٹرول اور کار لوکیشن فنکشن جیسے فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں۔ اسی طرح H6 اور جولئین چھ ائیر بیگز دئیے گئے ہیں جبکہ ٹوسان میں ائیر بیگز کی تعداد دو ہے۔ یعنی یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ہیول ایس یو ویز آپ اور آپ کی فیملی کے لیے محفوظ ترین گاڑیاں ہیں۔

قیمت

ان تینوں ایس یو ویز کی قیمتوں کا موازنہ کیا جائے تو ہیول H6 کی قیمت 62,95,000 روپے ہے جبکہ جولئین خریدنے کے لیے آپ کو 55,25,000 روپے کی ضرورت ہوگی۔ اسی طرح ہیونڈائی کی جانب سے ٹوسان کی قیمت 50,99,000 مختص کی گئی ہے۔ قیمتوں کو دیکھا جائے تو ان سب گاڑیوں میں سے ٹوسان سستی گاڑی ہے۔

Exit mobile version