ہیوال جولین اور ایچ 6 کی قیمتوں میں اضافی کی وجہ سامنے آگئی

پاکستانی آٹو مارکیٹ میں قدم رکھنے والی نئی آٹو کمپنی ہیوال پر کافی بات کی جا رہی ہے۔ ہیوال کو پاکستان لانے والی کمپنی سازگار انجینئرنگ ورکس لیمیٹڈ نئی ایس یو ویز ہیوال جولین اور ہیوال ایچ 6 پاکستان میں متعارف کروا چکی ہے جنھوں نے اپنی خوبصورت ڈیزائن کی وجہ سے پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں۔ جس کا اندازہ اس بات ست لگایا جا سکتا ہے کہ سازگار کو اِن دونوں گاڑیوں کی لانچ سے قبل شروع کی گئی بکنگ کو ایک ہفتے کے اندر ہی بند کرنا پڑا۔

بعد ازاں قیمتوں میں اضافے کے بعد کمپنی کی جانب سے بکنگ کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔ ہیوال نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 2 لاکھ کے اضافے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشنل اخراجات میں اضافہ کی وجہ سے اس کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کوویڈ 19 کی وجہ سے خام مال کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، سیمی کنڈکٹر چپ کی کمی اور فریٹ چارجز میں اضافے کے باعث قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مذکورہ عوامل نے نہ صرف ہیوال بلکہ بہت ساری دیگر مقامی اور عالمی کمپنیوں کے قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔

اس کے علاوہ ایک اور نکتہ جس پر کمپنی نےاپنی آفیشل بیان میں زور دیا ہے وہ یہ ہے کہ ہیوال پاکستان اس وقت اپنی ایس یو ویز کے  CBUیونٹس کو مکمل کمرشل ڈیوٹیز پر فروخت کررہا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کے بعد قیمتیں مستحکم ہوجائیں گی۔

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ COVID-19 وبائی بیماری نے آٹوموٹو انڈسٹری کو معذور کردیا ہے جس کے با عث دنیا بھر میں بہت سی کار ساز کمپنیوں نے اپنے آپریشنز کو روکتے ہوئے اپنی پیداوار کو کم کردیا ہے اور اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ بھی کیا ہے۔ یاد رہے کہ ہیوال کی مذکورہ گاڑیوں کی بکنگ کل بتاریخ 18 جون 2021 بند ہو جائے گی۔

 

Exit mobile version