کیا چنگان ایک قابلِ بھروسہ کمپنی ہے؟ آئیے دیکھتے ہیں
چنگان، ماسٹر موٹر کے تعاون سے، پاکستان میں زبردست انٹری لے چکا ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں
اپنی پہلی سیڈان، ایلسوِن، ملک میں لانچ کی ہے۔ ایلسوِن کے تینوں ویرینٹس کی قیمتوں کے اعلان کے
بعد اس نئی گاڑی کے حوالے سے مارکیٹ میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ پاک ویلرز اور
گاڑیوں کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے اس گاڑی میں بہت دلچسپی دکھائی ہے۔
اب ہر نئی لانچ کے ساتھ سب سے پہلے سوال اس کو بنانے والی کمپنی کے بارے میں اٹھتا ہے۔
صارفین کمپنی اور اس کے لوکل پارٹنر کی ساکھ، پسِ منظر اور اس کے مستند ہونے میں جاننا
چاہتے ہیں۔ ان سوالوں کے جوابات دینے کے لیے ہم یہاں اس تحریر میں چنگان اور ماسٹر موٹر کی
تاریخ اور ان کی ساکھ کے بارے میں بتا رہے ہیں۔
چنگان کا مطلب کیا ہے؟
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق چینی زبان میں چنگ کا مطلب ہوتا ہے پائیدار اور آن کا مطلب ہے
حفاظت۔ یعنی کہ چنگان کا مطلب ہوا دیرپا حفاظت۔
کمپنی کی تاریخ:
چنگان چین میں قائم ایک کمپنی ہے جو سرکاری ملکیت میں ہے، اس کا ہیڈکوارٹر چونگ چنگ، چین
میں واقع ہے۔ کمپنی پیسنجر کارز، لائٹ ٹرکس، مائیکرو وینز اور کمرشل وینز بناتی ہے۔ کمپنی کی
تاریخ 157 سال پرانی ہے، جب 1862 میں ایک چینی سفارت کار اور فوجی جرنیل لی ہونگ چانگ
نے چین کی پہلی مغربی انداز کی انجینیئرنگ کمپنی بنائی تھی، جو بالآخر چنگان آٹوموبائلز بن گئی۔
1959ء میں کمپنی نے چانگ جیانگ ٹائپ 46 گاڑی بنانے کا آغاز کیا، جو چین کی پہلی مقامی
پروڈکشن تھی۔
پھر 1984 میں کمپنی نے چین کی پہلی مِنی وین، اسٹار، بنائی۔ 1999 میں اسٹار نے کئی سیفٹی
کولیژن ٹیسٹ پاس کیے۔ اس نے چینی حکومت کو قائل کیا کہ وہ مقامی آٹوموٹو انڈسٹری کو فروغ
دے۔ پھر 2006 میں کمپنی نے باضابطہ طور پر چنگان کا نام اختیار کیا۔ اسی سال کمپنی نے اپنی
پہلی پیسنجر کار، بینی، متعارف کروائی۔
2011 اور 2012 میں چنگان نے اپنی سیڈان ایوٹا اور ایس یو وی CS35 لانچ کیں۔ دونوں گاڑیاں
بہت کامیاب ثابت ہوئیں اور کمپنی کو چین کے ٹاپ 4 کار مینوفیکچررز میں لے آئیں۔
کمپنی کے مطابق اس کی 60 سے زیادہ ممالک میں 6,000 سیلز اینڈ سروس تنصیبات ہیں۔ کمپنی
دعویٰ کرتی ہے کہ روزانہ 8,500 صارفین چنگان کی گاڑیاں خریدتے ہیں۔
پاکستان میں انٹری:
29 جون 2018 کو چنگان آٹوموبائلز نے ماسٹر موٹر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے
کے تحت دونوں نے پاکستان کے آٹوموبائل سیکٹر میں 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا عہد کیا۔
پارٹنرز نے اعلان کیا کہ وہ کراچی میں ایک پروڈکشن پلانٹ لگائیں گے۔
اگر ہم ماسٹر موٹر کو دیکھیں تو ہمیں پتہ چلے گا کہ یہ 2002 میں ماسٹر گروپ آف انڈسٹریز نے
قائم کیا تھا۔ اس کے علاوہ یہ مشہور چینی کمرشل گاڑیوں کا اسمبلر/مینوفیکچرر ہے، جس میں
مشہور فوٹون ہیوی ڈیوٹی اور لائٹ ڈیوٹی ٹرک بھی شامل ہیں۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ
پاکستان میں 12,000 سے زیادہ گاڑیاں فروخت کر چکا ہے، جو اسے عوامی اور نجی اداروں کے
لیے قابلِ بھروسہ نام بنا رہے ہیں۔
چنگان ماسٹر موٹر کی پاکستان میں پروڈکٹس:
ماسٹر موٹر مئی 2019 میں پہلی مقامی طور پر اسمبل شدہ چنگان کی گاڑی، کاروان، پیش کر چکا
ہے۔ اس کے بعد چنگان پاکستان نے دو کمرشل پک اپس M8 اور M9 اپنی وہیکل لائن اپ میں شامل
کر چکا ہے۔ دسمبر 2020 میں کمپنی نے اپنی پہلی سیڈان، ایلسوِن، کی رونمائی کی۔ کمپنی نے 14
دسمبر 2020 میں گاڑی کا مقامی طور پر تیار کردہ یونٹ پیش کیا۔
کیا یہ قابلِ بھروسہ ہے؟
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ چنگان آٹوموبائل اور ماسٹر موٹر قابلِ بھروسہ کمپنیز ہیں۔ دونوں
مینوفیکچررز مارکیٹ میں طویل عرصے سے موجودگی رکھتے ہیں۔ یہ ادارے کئی سالوں سے اپنی
ساکھ ثابت کر رہے ہیں، اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ ادارے یہاں طویل قیام کے لیے موجود ہیں۔
اب ہمیں امید ہے کہ ایلسوِن کا CKD یونٹ بھی دکھائے گئے CBU یونٹس جتنا ہی اچھا ہوگا۔ اگر
چنگان ماسٹر موٹر نے توقعات کے مطابق CKD یونٹ لانچ کیا تو لوکل آٹوموٹو سیکٹر میں ان کا
مستقبل بہت روشن ہے۔
چنگان ماسٹر موٹر کے بارے میں آپ کی رائے کیا ہے؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ ایلسوِن کامیاب ہوگی؟
اپنے خیالات نیچے کمنٹس سیکشن میں پیش کیجیے۔
مزید نیوز، ویوز اور ریویوز کے لیے پاک ویلز بلاگ پر آتے رہیے۔