کیا پنجاب حکومت ای-چالان کا جرمانہ بڑھا رہی ہے؟

خبریں یہ ہیں کہ حکومتِ پنجاب لاہور میں ای-چالان میں جرمانے کی رقم بڑھانے کی تجویز دے چکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی کابینہ نے ایک اجلاس کے دوران اس تجویز کی منظوری دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے رکشوں اور تین پہیوں پر چلنے والی دوسری گاڑیوں کو بھی ای-چالان سسٹم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای-چالان جرمانوں میں مجوزہ اضافہ:

تجویز کے مطابق موٹر سائیکل کے لیے کم از کم چالان 500 روپے ہوگا، جبکہ تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے اوور لوڈنگ چالان 750 روپے ہوگا۔ اس کے علاوہ تین پہیوں والی گاڑیوں کو حد سے زیادہ رفتار پر چلانے پر 500 روپے کے چالان کا سامنا ہوگا، اس خلاف ورزی پر گاڑیوں کے لیے 1,000 روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی 1,000 روپے ہوگا۔

اس کے علاوہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کا چالان اب 750 روپے کیا جا رہا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر اوور لوڈنگ کا چالان 1,500 روپے کا ہوگا۔

ساتھ ساتھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ شہر بھر میں ای-چالان جمع کرانے کے مقامات بنائے گی۔ خبروں کے مطابق ڈرائیور لائسنس چالان پر 20 پوائنٹس کے بعد منسوخ کر دیا جائے گا۔

جرمانوں میں اضافے پر PSCA کا بیان:

دوسری جانب پاک ویلز سے بات کرتے ہوئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) کا کہنا ہے کہ یہ جرمانے ابھی تک بڑھائے نہیں گئے۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ “یہ فی الحال حکومت کی پالیسی سفارشات ہیں، لیکن ابھی تک چالان کے نرخ وہی پرانے والے ہی ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ نئے نرخ اگلے کچھ دنوں میں لاگو ہو جائیں گے، لیکن ابھی تک اس کی کوئی تصدیق نہیں ہے۔

البتہ اس کے امکانات بہت زیادہ ہیں کہ جرمانوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ ہمارے خیال میں پولیس ٹریفک خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ PSCA شہر بھر میں CCTV کیمرے لگا کر لاہور میں ٹریفک کو منظّم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

‏200 ملین روپے مالیت کے ای-چالان

پچھلے ہفتے PSCA نے جدید ای-چالان سسٹم کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا تھا۔ گزشتہ سال پولیس کیمروں کے ذریعے نے تقریباً 20 لاکھ ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑیں اور ایسا کرنے والوں کو الیکٹرانک چالان جاری کیے۔ ان ای-چالانز نے قومی خزانے میں 192.73 ملین روپے کا اضافہ کیا۔

پنجاب پولیس – 1

قانون توڑنے والے – 0

‏PSCA نئے آٹومیٹک وہیکل نمبر پلیٹ ریکگنیشن (ANPR) کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا پتہ چلانے میں کمال دکھا رہی ہے۔ اب یہ ہو رہا ہے: ANPR کیمرے پنجاب کی مختلف سڑکوں پر لگائے گئے ہیں، جو ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کی لائسنس پلیٹ کی تصویر لیتے ہیں۔ سسٹم کیمرے کی تصویر خلاف ورزی کی دیگر تفصیلات کے ساتھ چالان پیپر پر لگاتا ہے اور گاڑی کے مالک کے گھر بھیج دیتا ہے۔ پھر وہ ای-بینکنگ، موبائل بینکنگ، ATM سروس، ایزی پیسہ سروسز یا خود بینک جا کر اس کی ادائیگی کرتا ہے۔

 

Exit mobile version