ہنڈا سٹی کے ناقص معیار سے صارفین مایوس

2 38,544

ایک لمبے انتظار کے بعد اب نئی 6 جنریشن ہنڈا سٹی فروخت کیلئے دستیاب ہیں جس سے پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں ایک نیا جوش و لولہ نظر آتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی نے کار کے 12000 یونٹس کی بکنگ کر لی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر بکنگز کار کی رونمائی سے پہلے ہی کر لی گئی تھیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں اس گاڑی کا کس بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا۔

جیسا کہ پہلے بھی ذکر کیا جا چکا ہے کہ کمپنی نے نئی ہنڈا سٹی کی ڈیلیوریز کا آغاز کردیا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر گاڑی کے برے معیار کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ تصاویر اور ویڈیوز کے مطابق کار باڈی اور رئیر لائٹس کے درمیان فاصلہ پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی کے خراب پینٹ پر بھی بات کی گئی ہے۔ گاڑی کی ناقص کوالٹی کے بارے میں ایک پوسٹ گاڑی کے مالک کی جانب سے شئیر کی گئی ہے جبکہ دوسری تصویر ہنڈا کی ڈیلرشپ میں کھڑی سٹی کی ہے۔ دونوں تصاویر میں ایک ہی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

گاڑی کا ناقص معیار

نئی گاڑیوں کا ناقص معیار کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن ہنڈا اٹلس جیسی کمپنیوں سے اس چیز کی توقع نہیں کی جا سکتی تھی۔ یہ کمپنی تقریبا تیس سال سے پاکستان میں کام کر رہی ہے اور اپنی بہترین اور پرسکون گاڑیوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ اس سے قبل چنگان ایلسون میں خراب پینٹ کا مسئلہ بھی دیکھا گیا لیکن یہ کسی حد تک قابل قبول ہے کیونکہ چنگان ایک نئی کمپنی ہے۔ کچھ رپورٹس کے مطابق پینٹ کی خرابی کے باعث چنگان ایک صارف سے متاثرہ گاڑی واپس لے کر اسے نئی گاڑی ڈیلیور کر چکا ہے۔

کیا ہنڈا ان خراب کاروں کو واپس لے گا؟ امید ہے کہ کمپنی اس مسئلے کا حل تلاش کر کے اسے حل کرے گی۔

ہنڈا کی خراب کوالٹی سے متعلقہ تصاویر اور ویڈیوز یہ ہیں:

Video Credit: Subhan Sheikh

ہنڈا کا ردعمل

مذکورہ مسئلے پر پاک ویلز کی جانب سے سوال جانے پر کمپنی کی جانب سے تاحال کوئی جواب یا بیان سامنے نہیں آیا۔ کمپنی کی جانب سے کوئی بھی جواب ملنے پر آپ کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

 

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.