پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان، وجہ کیا ہے؟
جہاں ایک طرف دنیا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے مسلسل اتار چڑھاؤ سے دوچار ہے تو دوسری جانب پاکستان میں مرتبہ پھر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے امکانات پیدا ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل ملک میں پیٹرول کی قیمت پہلے ہی 331.38 روپے فی لیٹر روپے کی تاریخی بلند ترین سطح پر موجود ہے۔ اس دوران اگر پیٹرول کی قیمت میں مزی اضافہ ہوتا ہے تو پہلے سے ہی بوجھ تلے دبے عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔
پاکستان میں پیٹرول کی قیمت عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں سے گہرا تعلق رکھتی ہے اور اسی لیے یہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کافی اہمیت رکھتی ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں کے دوران پاکستان کو اپنی ایندھن کی قیمتوں کو سنبھالنے کے لیے متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی بنیادی وجہ تیل کی درآمدات پر بہت زیادہ انحصار اور تیل کی عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ ہے۔
نتیجتاً، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کسی بھی اہم تبدیلی کا براہ راست اور فوری اثر پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔
عالمی منڈیوں می تیل کی قیمتوں میں اضافہ
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں 10 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔ سعودی عرب اور روس کی جانب سے پیداوار میں کمی کو اس کی سب سے بڑی وجہ بتایا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں 95.96 ڈالر فی بیرل کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جو کہ نومبر 22 کے بعد ایک نئی بلند ترین سطح ہے۔ مزید یہ کہ یہ خیال بھی بڑھتا جا رہا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جس کے بعد یہ قیمتیں نئی بلند ترین سطح کے پر پہنچ سکتی ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے اوپیک کی طرف سے لاگو سپلائی میں کٹوتیوں کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔