12 ربیع الاول تک پبلک ٹرانسپورٹ میں گانے بجانے پر پابندی عائد

اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے سلسلے میں پبلک ٹرانسپورٹ میں گانے بجانے اور فلمیں پر پابندی عائد کردی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی 19 اکتوبر تک نافذ رہے گی جو کہ اسلامی کیلنڈر میں 12 ربیع الاول کی تاریخ بنتی ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔ تاہم حکومت نے ٹرانسپورٹ پر قرآن پاک کی تلاوت، حمد، نعت اور دیگر مذہبی مواد چلانے کی اجازت دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام لوگوں کو اسلام کے قریب لانے اور پیغمبر اسلام ﷺ کی زندگی کے لیے احترام اور محبت پیدا کرنے کے ارادے سے اٹھایا گیا ہے۔

اس سے قبل پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی ایسا ہی نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ دریں اثنا، صوبائی اور وفاقی حکومت دونوں نے اس مہینے کو منانے کے لیے سڑکوں، سرکاری عمارتوں اور یادگاروں کو سجا دیا ہے۔

آپ سب کو ہماری طرف سے عید میلاد النبی ﷺ مبارک ہو۔

Exit mobile version