پیٹرول کی قیمت میں 4.13 روپے اضافہ

نگراں حکومت نے آج پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں ایک اور اضافے کا اعلان کیا ہے۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 279.75 روپے فی لیٹر ہو چکی ہے جبکہ پرانی قیمت 275.62 روپے تھی۔ اس دوران ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ نئی قیمتیں یکم مارچ 2024 سے اگلے پندرہ دن تک لاگو ہوں گی۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے یعنی 2 فیصد فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا۔ اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بالترتیب 0.80 اور 0.70 روپے اضافے کا امکان طاہر کیا گیا تھا۔

پاکستان میں ہر 15 دن بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے رجحان اور ڈالر کے مقابلے روپے کے شرح تبادلے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ترمیم کی جاتی ہے۔

حکومت کی جانب سے آج رات جاری کردہ نئی قیمتیں 1 مارچ سے لاگو ہوں گی۔

حکومت اس سے قبل دو بار میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 8.37 روپے اور 2.73 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر چکی ہے۔

2024ء کے ابتدائی دو مہینوں میں، مشرق وسطیٰ میں سیاسی کشیدگی اور سپلائی میں کمی کے خدشات نے خام تیل کی قیمت تقریباً 10 فیصد تک بڑھا دی ہے۔ اس خطے میں سپلائی کی مشکلات بھی ایک تشویش کا باعث ہیں۔

Exit mobile version