پیجو3008 کے فیچر و دیگر خصوصیات
جیسا کہ ہم آپ کو پہلے بتا چکے ہیں کہ لکی موٹرز کی جانب سے پیجو 3008 کے ٹیسٹ یونٹ امپورٹ کیے گئے ہیں اور اب کمپنی نے پاکستان میں اپنی آفیشل ویب سائٹ بھی لانچ کر دی ہے۔ جس سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ آئندہ ماہ یہ گاڑی بھی لانچ کر دی جائے گی۔ تاہم، ہم نے سوچا کہ آپ کو اس گاڑی کے فیچر و دیگر خصوصیات کے بارے میں تفصیل سے بتا دیا جائے۔
ہمیں امید ہے کہ یہ آرٹیکل آپ کو نہ صرف گاڑی کے فیچرز بارے تفصیل سے آگاہ کرے گا بلکہ یہ بات بھی واضح کر دے گا کہ یہ گاڑی پاکستان میں کراس اوور سیگمنٹ میں اچھا اضافہ ہے یا نہیں۔
پیمائش
پیجو 3008 کی لمبائی 4450 ملی میٹر، چوڑائی 1850 ملی میٹر، اونچائی 1620 ملی میٹر جبکہ وہیل بیس 2675 ملی میٹر ہے۔ پیجو 3008 کی گراؤنڈ کلئیرنس 230 ملی میٹر ہے۔
انجن اور ٹرانسمشن
پیجو 3008 میں 16 سی سی ٹربو چارجڈ پیور ٹیک انجن دیا گیا ہے جو 162 ہارس پاور اور 250Nm ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گاڑی میں 6 سپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمشن کے ساتھ فرنٹ وہیل ڈرائیو ڈرائیو ٹرین بھی دی گئی ہے۔
ایکسٹیرئیر
پیجو 3008 میں ایل ای ڈی ہیڈ لیپمس اور ایل ای ڈی DRLs دئیے گئے ہیں۔ گاڑی کے سائیڈ پروفائل کی بات کی جائے تو یہاں آپ کو 18 انچ کے الائے ویلز نظر آتے ہیں۔ اسی طرح گاڑی کی رئیر سائیڈ پر ایل ای ڈی رئیر لائٹس دی گئی ہیں جبکہ انٹری کیلئے سمارٹ کی فیچر دیکھنے کو ملتا ہے۔
پیجو 3008 کا انٹیرئیر
پیجو 3008 کے انٹیرئیر میں سب سے نمایاں ڈیش پر نظر آنے والی فیچر 10 انچ فلوٹنگ ٹچ سکرین اور dual زون کلائمیٹ کنٹرول ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی میں ایڈاپٹیو کروز کنٹرول، پش سٹارٹ بٹن، ڈرائیونگ موڈز اور پینورامک سن روف جیسے فیچرز بھی دئیے گئے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گاڑی جدید اور ماڈرن فیچرز رکھتی ہے۔
سیفٹی
سیفٹی فیچرز کی بات کی جائے تو پیجو 3008 میں 6 ائیر بیگز، ABS، وہیکل سٹیبلٹی مینیجمنٹ، ایمرجنسی سٹیبلٹی پروگرام اور ہِل سٹارٹ اسسٹ شامل ہیں۔ اسی طرح گاڑی رئیر ویو کیمرہ، پارکنگ سینسرز، لین ڈیپارچر وارننگ سسٹم، سپیڈ لمِٹ سائن ریکَگنیشن جیسے دیگر سیفٹی فیچر بھی نظر آتے ہیں۔
ان تمام آپشنز سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گاڑی نہ صرف ڈرائیو کے دوران کافی محفوظ ہے بلکہ اسے تنگ جگہوں پر کھڑی کرنا بھی بہت آسان ہے۔ اس گاڑی کی لانچنگ کے بعد لوکل آٹو مارکیٹ میں ایک بہت بڑا اضافہ ہونے والا ہے۔
قیمت:
فی الحال، لکی موٹرز کی جانب سے پیجو 3008 کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔