ٹویوٹا نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے یارِس کی سافٹ لانچ مؤخر کر دی

0 6,629

ملک میں کروناوائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیشِ نظر حکومت سماجی اجتماعات کو روک رہی ہے اور عوام کو گھروں پر رہنے کی تجویز دے رہی ہے۔ COVID-19 بہت مختصر وقت میں دنیا کی بڑی آبادی کو متاثر کر چکا ہے۔ وطنِ عزیز کو محفوظ رکھنے کے لیے لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور عوام سے ایک دوسرے کے ساتھ بارہا اور غیر ضروری سماجی رابطوں سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ 

اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹویوٹا نے اپنی نئی کومپیکٹ سیڈان یارِس کی سافٹ لانچ کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹویوٹا کی تمام ڈیلرشپس بھی بند ہیں۔ سافٹ لانچ آج یعنی 24 مارچ کو ہونا تھی۔ مینوفیکچرنگ پلانٹ اور ڈیلرشپس بند کرنا انڈس موٹر کمپنی (IMC) کا ایک بڑا فیصلہ ہے کیونکہ اِس وقت یارس کی بکنگ رفتار پکڑ رہی تھی۔

اس فیصلے سے نئی یارس کی بکنگ پر بھی منفی اثرات پڑیں گے کیونکہ اب ممکنہ صارفین یہ نئی سیڈان بک نہیں کروا سکتے۔ کیونکہ نئی گاڑی بک کروانے کے لیے انہیں ڈیلرشپ پر جانا ہوگا اور بکنگ کے لیے براہ راست انڈس موٹر کمپنی (IMC) سے رابطہ نہیں کر سکتے۔ یعنی اب کچھ عرصے کے لیے ٹویوٹا یارس کی بکنگ قبول نہیں کرے گا۔ گو کہ بکنگ سسٹم اب بھی چل رہا ہے لیکن جیسا کہ پہلے بتادیا گیا ہے کہ ممکنہ صارفین کو نئی گاڑی کی بکنگ کے لیے ڈیلرشپ پر جانے کی ضرورت ہے۔ 

اس کے علاوہ انڈس موٹر کمپنی (IMC) بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یارس کی موجودہ بکنگ کو بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ صورت حال 6 اپریل 2020ء تک جاری رہے گی جو حکومت کے شیڈول کے مطابق لاک ڈاؤن کا آخری دن ہے۔ سافٹ لانچ کے لیے ٹویوٹا کی ڈیلرشپس پر ڈسپلے فلورز اور دوسری تیاریاں تقریباً مکمل تھیں۔ یہ صورت حال مایوس کن ہے اور ہمیں انتظار کرنا ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ موجودہ صورت حال یارِس کی لانچ اور مستقبل کی فروخت کو کتنا متاثر کرے گی۔

بلاشبہ یہ ایک کڑا وقت ہے کہ جس میں کسی بھی ادارے کی اوّلین ترجیح اپنے صارفین اور ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ حالیہ کارکردگی کی وجہ سے آٹوموٹو شعبے کی غیر یقینی کیفیت اور لاک ڈاؤن کی طوالت سے پیدا ہونے والی صورت حال کی وجہ سے سرمایہ کاروں بھی سرمایہ لگانے سے کترا رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے پہلے نئی یارس کی بکنگ تیزی سے بڑھ رہی تھی اور یہ اس وقت منظر عام پر آنے والی کسی بھی پروڈکٹ کے لیے بھی کڑا وقت ہے۔ بکنگ کی ابتدائی رفتار کسی بھی نئی گاڑی کی مقبولیت کو طے کرتی ہے۔ 

آٹوموٹو دنیا سے مزید خبروں کے لیے آتے رہیے اور اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔ 

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.