پاکستان میں دستیاب آوڈی Q3 کی قیمت میں کمی کردی گئی

0 173

آوڈی پاکستان نے اپنی بہترین گاڑیوں میں سے ایک Q3 کی قیمت میں ساڑھے چار لاکھ روپے کمی کردی ہے جس کے بعد جرمنی سے مکمل تیار شدہ حالت میں درآمد کی جانے والی نئی آوڈی Q3 صرف 52,50,000 روپے میں دستیاب ہے۔ اس فیصلے نے ملک میں جرمن گاڑیوں کے حصول کو ممکن بناتے ہوئے ان کی غیر معمولی قیمت سے متعلق تصور کی بھی نفی کی ہے۔ جرمنی سے درآمد شدہ اس گاڑی کو 2000cc ٹی ایس ایف آئی انجن کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ انجن 4300 آر پی ایم پر 168 ہارس پاور اور 1700-2400 آر پی ای پر 280 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں آوڈی Q3 کی قیمت 57 لاکھ روپے تھی۔

عالمی سطح پر سیڈان کے مقابلے میں کراس اوور گاڑیوں کو ترجیح دیئے کی ایک مثال امریکا سے لی جاسکتی ہے جہاں رواں سال 2016 کی پہلی ششماہی کے دوران کراس اوور گاڑیوں کی فروخت میں 8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سیڈان طرز کی گاڑیوں کی فروخت میں 6 فیصد کمی آئی۔ اس عالمی رجحان کا اثر پاکستان میں ہونڈا وزل، نسان جیوک اور ہونڈا HR-V کی زبردست پزیرائی کی صورت میں بھی ہمارے سامنے ہے۔ تکنیکی اعتبار سے بات کی جائے تو کراس اوور دراصل ہیچ بیک پلیٹ فارم پر تیار کی جانے والی گاڑیاں ہیں جن کی گراؤنڈ کلیئرنس اور پہیوں کا سائز روایتی مسافر گاڑیوں سے زیادہ ہوتا ہے اور اسی وجہ سے یہ چھوٹی SUVs شمار کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بی ایم ڈبلیو X1 بمقابلہ آوڈی Q3 – دو جرمن گاڑیاں کا ٹاکرا

ماضی میں آوڈی پاکستان کا نام بہت زیادہ مہنگی اور پرتعیش گاڑیوں کے ساتھ منسلک کیا جاتا تھا لیکن اب جرمن گاڑیاں درآمد کرنے والے ادارے قیمت گھٹا کر اسے زیادہ سے زیادہ صارفین کے لیے قابل خرید بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ اس سے قبل دیوان موٹرز کی جانب سے صرف 40 لاکھ کی بی ایم ڈبلیو X1 کی پیشکش نے سب کو حیران کردیا تھا۔ اور اب آوڈی نے Q3 کی قیمت گھٹا کر کراس اوور خریدنے کے خواہش مند افراد کو ایک بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

Audi

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.