اپنی گاڑی کو ویکس کیسے کریں
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ گاڑیاں رکھنے والے بہت اعلیٰ اور مہنگی کار کیئر پروڈکٹس تو خریدتے ہیں لیکن ان کے استعمال کا درست طریقہ نہیں جانتے۔ آئیے آج ویکس اور پالش کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ کچھ لوگ سنی سنائی باتوں پر اپنے اندازوں کے مطابق ویکس لگاتے ہیں لیکن حقیقتاً اسے لگانے کے کچھ خاص طریقے ہیں۔ اگر آپ ان طریقوں پر نہ چلیں تو ویکس لگانے کا سرے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اگر ویکس ٹھیک طریقے سے نہ لگایا جائے تو یہ گاڑی کے رنگ کو چمکانے اور اسے تحفظ دینے کے بجائے اسے دھندلا اور کھردرا کر دے گا۔
اپنی گاڑی کے لیے مناسب ویکس کے انتخاب کے بعد اگلا مرحلہ اسے ٹھیک سے لگانے کا عمل سیکھنا ہے۔ یہ کچھ مراحل ہیں جو ہمارے خیال میں آپ کو ویکس کے بہترین نتائج دیں گے۔
خشک اور گرد سے پاک سطح
اپنی گاڑی پر ویکس لگانے کا پہلا اور اہم ترین قدم یہ کہ آپ کی گاڑی کی سطح خشک اور گرد سے پاک ہو اور ساتھ ہی آپ کی گاڑی کسی سایہ دار جگہ پر کھڑی ہو۔ عام طور پر لوگ گاڑی دھوتے ہی ویکس لگا دیتے ہیں۔ لیکن آپ یقینی بنائیں کہ گاڑی کی سطح پہلے اچھی طرح خشک ہو جائے۔ اپنی گاڑی کو کسی اچھے معیار کے کار شیمپو سے دھوئیں۔
اچھا اسپنج/ایپلی کیٹر خریدیں
ویکس لگانے کے لیے ایک اچھا سا ایپلی کیٹر خریدیں۔ عام طور پر مارکیٹ میں ملنے والے ویکس کے ساتھ اسپنج بھی ملتا ہے لیکن اگر آپ کو اسپنج نہیں ملا تو ایک چھوٹے سائز کا فوم خرید لیں۔ پولی فوم ویکس ایپلی کیٹرز اچھے ہوتے ہیں۔
اسپنج پر ویکس لگائیں
اسپنج پر مناسب مقدار میں ویکس لگائیں، نہ بہت زیادہ اور نہ بہت کم۔ اسپنج گاڑی کی سطح پر روانی کے ساتھ گھمانا پڑتا ہے اس لیے مناسب مقدار لگانے سے ہی کام بہتر انداز میں ہوگا۔ زیادہ ویکس لگانے سے اسپنج گاڑی کی سطح پر اچھی طرح گھوم نہیں سکے گا۔
گاڑی کی سطح پر ویکس لگائیں
اب اسپنج اپنے ہاتھ میں پکڑیں اور ویکس کو گاڑی پر لگانا شروع کردیں۔ آپ اسپنج کو ہلکا سا دبا کر دائروں کی صورت میں گاڑی کی سطح پر گھمائیں۔ یوں آپ کو گاڑی کی سطح پر دائرے بنتے نظر آئیں گے۔ اگر آپ کو لگے کہ دائرے غائب ہو رہے ہیں یا اچھی طرح نہیں بن رہے تو اتنا ہی ویکس اسپنج پر دوبارہ لگائیں جتنا آپ نے پہلے لگایا تھا۔ اب اس عمل کو دہائیں اور پوری گاڑی کو ویکس کے دائروں سے بھر دیں۔ ویکس کے دائرے گاڑی پر اس تصویر کی طرح نظر آنے چاہئیں۔
آپ کھڑکیوں، آئینوں اور اگلی اور پچھلی اسکرین پر بھی ویکس لگا سکتے ہیں، بس انہیں چمکانا مشکل ہوتا ہے۔
کپڑے کا نرم ٹکڑا لیں
ویکس لگانے کی وجہ سے گاڑی کی سطح کچھ سخت سی ہو جائے گی۔ اب کوئی بڑا سا اور بہت نرم کپڑے کا ٹکڑا لیں۔ نرم کپڑا گاڑی کی سطح پر باآسانی پھیرا جا سکے گا۔ پھر یہ گاڑی کے رنگ پر خراشیں بھی نہیں ڈالے گا۔ اگر کپڑا سخت ہوگا تو اس سے خراشیں بھی پڑیں گی اور اس سے گاڑی اچھی طرح چمکے گی بھی نہیں۔ Mircale تولیہ اس کام کے لیے بہترین رہے گا۔ دستی تولیہ بھی اچھا ہوگا۔ مائیکرو فائبر کپڑے کے استعمال کی تجویز بھی دی جاتی ہے جو پاک ویلز اسٹور پر دستیاب ہے۔
کپڑے کو تہہ کریں
اب کپڑے کے بڑے ٹکڑے کو اتنا تہہ کریں کہ یہ اسپنج سے کچھ بڑے سائز کا رہ جائے۔
چمکائیں
اب کپڑے سے گاڑی کو اچھی طرح چمکائیں۔ کپڑے کو ذرا زیادہ دباؤ کے ساتھ گاڑی کی سطح پر گھمائیں، بہت زیادہ نہیں بلکہ درمیانے سے کچھ زیادہ دباؤ کے ساتھ۔ کپڑے کو گاڑی کی سطح پر افقی طور پر گھمائیں۔ کپڑے کو ان دائروں پر اِس طرح گھمائیں کہ وہ کپڑے کے ساتھ غائب ہوتے جائیں۔ اتنی طاقت ضرور لگائیں کہ کپڑا ان دائروں کو ختم کردے۔ اگر آپ کو لگے کہ دائرے غائب نہیں ہو رہے تو زیادہ طاقت لگائیں۔
سائیڈ سے دیکھیں
پوری گاڑی چمک گئی ہے یا نہیں، یقینی بنانے کے لیے گاڑی کی سطح کو مخصوص زاویے سے دیکھیں۔ مثلاً گاڑی کی دائیں سائیڈ کو بیٹھ کر اور ڈگی کی جانب دیکھ کر جانچیں۔ پوری سائیڈ کو اچھی طرح دیکھیں، اگر یہ آپ کو شیشے کی طرح صاف نظر آتی ہے تو یہ بہترین پالش ہے۔ اگر آپ کو کچھ دھندلاہٹ نظر آئے تو پھر کپڑے سے ایک مرتبہ پھر رگڑیں اور پھر دیکھیں۔ اگر آپ کو پھر بھی ایسا ہی نظر آئے تو آپ detail اسپرے استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ کی گاڑی ایسی نظر آنی چاہیے جیسی اس تصویر میں ہے۔
یاد رکھیں
ویکس کو زیادہ دیر تک گاڑی پر لگے نہ رہنے دیں۔ اگر اسے زیادہ دیر تک لگے رہنا دیا جائے تو گاڑی کو چمکانا مشکل ہو جائے گا کیونکہ یہ خشک ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ اپنی گاڑی پر ویکس دائروں کی صورت میں لگائیں اور یہ عمل مکمل ہوتے ہی گاڑیکو فوراً کپڑے سے چمکانا شروع کردیں۔
مندرجہ بالا تمام مراحل عبور کرنے کے بعد آپ کی گاڑی ویکس ہو چکی ہے۔ کپڑے کو اپنی گاڑی میں ہی رکھیں اور جب بھی گاڑی کے اوپر گرد محسوس ہو، اسے استعمال کریں۔ اسی کپڑے سے پوری گاڑی صاف کریں، گرد صاف ہو جائے گی۔
اگر آپ کے پاس مزید ٹپس ہیں تو نیچے تبصروں میں ہم سے شیئر کیجیے۔