ہونڈا سوک VTE ٹربو کی کہانی۔۔۔ ایک خریدار کی زبانی!

7 139

مجھے یقین ہے کہ پاک ویلز کے زیرک قارئین نے اس مضمون کی سرخی میں موجود غلطی پکڑ لی ہوگی۔ ہونڈا ایٹلس نے پاکستان میں سوک VTEC ٹربو ماڈل متعارف کروایا تھا لیکن سرخی میں VTE ٹربو لکھا ہوا ہے۔ گزارش کرنا چاہوں گا کہ اس خطا کی سزا دینے سے پہلے میری یہ کہانی مکمل پڑھ لیں جو دراصل دسویں جنریشن ہونڈا سوک حاصل کرنے کے بعد لکھی جارہی ہے۔ یہ داستان اس بات کی تازہ اور حقیقی مثال ہے کہ ہونڈا ایٹلس اور ان کے ڈیلرشپس پر معیار کو کس قدر اہمیت حاصل ہے۔

پاک ویلز بلاگ اور فورم پر کئی لوگ پاکستانی ہونڈا سِوک کے معیار میں خرابیوں پر تفصیلی روشنی ڈال چکے ہیں۔ ان میں سے ایک ہونڈا ایٹلس کی جانب سے گاڑیوں کی فراہمی میں تاخیر بھی ہے جس کی وجہ سے کئی خریدار ناخوش نظر ہیں۔ بہرحال، مجھے جس قسم کا تجربہ ہوا وہ بہت ہی مضحکہ خیز ہے اور اسے آپ خریدار کا مذاق اڑانے سے بھی تعبیر کرسکتے ہیں۔ اس تجربے کے بعد مجھے یقین ہوچکا ہے کہ ہونڈا ایٹلس اور ان کے ڈیلرشپس پر معیار کو بہت کم توجہ دی جارہی ہے۔

اب سے چند روز قبل میں اپنی ہونڈا سوک 1.5 ٹربو لینے کے لیے ڈیلرشپ پر گیا۔ یہاں یہ بتانے کی ضرورت نہیں محسوس ہوتی کہ مجھے اپنی نئی گاڑی کا کتنا شدت سے انتظار تھا۔ اس کا اندازہ آپ اس بات سے لگاسکتے ہیں کہ ڈیلرشپ پر پہنچتے ہی میں نے گاڑی فراہم کرنے کی درخواست کرڈالی۔ جواب میں مجھے بتایا گیا کہ آپ کی گاڑی کو فراہمی کے لیے تیار کیا جارہا ہے لہٰذا چند لمحات مزید انتظار کریں۔

یہ ویڈیو دیکھیں: 2016 ہونڈا سِوک ٹربو 1.5 کا تفصیلی جائزہ

تقریباً 10 منٹ بعد ڈیلرشپ کا ایک نمائندہ میری طرف آیا اور مجھے میری نئی گاڑی کی طرف لے گیا۔ میں ورکشاپ سے ہوتا ہوا کنارے تک پہنچا کہ جہاں میری چمکتی دمکتی نئی نویلی گاڑی کھڑی تھی۔ میں نے اپنی خوشی کو بمشکل قابو کرتے ہوئے گاڑی کا چاروں طرف سے جائزہ لینا شروع کیا۔ دائیں، بائیں اور آگے کی جانب سے گاڑی دیکھنے کے بعد جب پیچھے پہنچا تو وہاں میری چھٹی حس نے کسی گڑ بڑ سے خبردار کردیا۔ پہلے پہل تو مجھے سمجھ ہی نہیں آیا کہ پچھلے حصے میں ایسی کیا چیز ہے میرے دماغ میں مسلسل کھٹک رہی ہے۔ چند سیکنڈ غور کرنے پر اچانک مجھے سمجھ آگیا کہ گاڑی کے پچھلے حصے میں کس چیز کی کمی ہے۔ یہ VTEC ٹربو کا C تھا کہ جو اپنی جگہ سے غائب تھا اور وہاں صرف VTE ہی لکھا ہوا تھا۔

Civic Vtec error

ہونڈا سوک کے مہنگے ترین ماڈل میں اس قسم کی خامی میرے وہم و گمان سے بالاتر تھی۔ مجھے بالکل بھی سمجھ نہ آیا کہ C غائب ہونے پر کس قسم کا ردعمل ظاہر کروں۔ ایک جانب نئی گاڑی حاصل کرنے کی خوشی سے میرا چہرا تمتما رہا ہے تو دوسری ہی جانب اس خامی کو دیکھ کر غصہ بھی آرہا ہے۔ جب میں نے ڈیلرشپ کے نمائندے کو اشارے سے بتایا کہ یہاں کوئی گڑبڑ ہے تو اس نے ماننے سے انکار کردیا اور اس بات پر مصر رہا کہ VTE ہی لکھا جاتا ہے۔ اتفاق سے وہاں ایک اور سوک 1.5 ٹربو کھڑی ہوئی تھی اور اس پر VTEC مکمل درج تھا۔ جب ڈیلرشپ کے نمائندے کی توجہ اس جانب کروائی تو پھر اس نے اپنی غلطی تسلیم کی۔ یہ جان کر مجھے بہت دکھ ہوا کہ ڈیلرشپ پر گاڑیاں فروخت کرنے والے شخص ہی کو اس سے متعلق درست معلومات نہیں۔

اس حصے کا بغور جائزہ لینے پر دیکھا کہ اس نشان کے پیچھے کسی قسم گوند یا چپکنے کا نشان بھی موجود نہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دراصل کارخانے ہی میں اس بیج کو C کے بغیر جوں کا توں لگایا گیا ہے۔ اگر غلطی سے یا کسی اور وجہ سے VTEC کا ایک حرف نکل جاتا تو کم از کم گوند کا نشان تو باقی رہتا ہے۔ لیکن ہونڈا ایٹلس کے کارخانے میں متعدد مرتبہ گاڑی یکو دیکھے جانے اور پھر ڈیلرشپ پر صارف کو فراہم کرنے کے لیے گاڑی تیار کیے جانے کے دوران بھی کسی نے اس خامی پر توجہ نہیں دی۔ ایسے میں اسے طرح کی خامی ازخود دور کرنا تو بہرحال دور ہی کی بات لگتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سِوک 2016 بمقابلہ آوڈی A3 – کس کا پلڑا بھاری ہے؟

تھوڑی بہت بات چیت کے بعد ڈیلرشپ نے اس مسئلے کو “وارنٹی” کے تحت حل کرنے کی حامی بھرلی۔ میں نے گاڑی کی چابی لی اور اسٹاک میں مونوگرام دستیاب ہوتے ہی تبدیل کرنے کے وعدے کے ساتھ گاڑی لے آیا۔ اس وقت کہ جب میں یہ الفاظ لکھ رہا ہوں، میرا انتظار جاری ہے اور نامعلوم مزید کتنے روز تک جاری رہے گا۔ ہوسکتا ہے میری باتیں کسی کو معمولی لگیں یا میں بہت زیادہ غصیلی طبیعت والا محسوس ہوں لیکن یہ مضمون لکھنے کا اصل مقصد یہ باور کروانا ہے کہ ہونڈا ایٹلس اور ان کے ڈیلرشپس پر معیار پر کسی طور توجہ نہیں دی جارہی جو بہرحال ایک صارف کا حق ہے۔

Civic Vtec

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.