فواد چوہدری نے ایلون مسک کو پاکستان میں ٹیسلا فیکٹری بنانے کی دعوت دے دی

ایک حالیہ ٹوئٹ میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کو پاکستان میں فیکٹری بنانے کی دعوت دے دی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ٹیکنالوجی کی دنیا کے عظیم نام مسک کو ٹیگ کیا ہے۔ انہوں نے ٹیسلا کے لیے پاکستان میں کام کرنے کے چند فائدوں کی تفصیلات بھی بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دس سال تک زیرو ٹیکس اور فیکٹری کی تعمیر کے لیے درکار ساز و سامان کی کسٹم-فری درآمد کی سہولت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی ملک ایسی رعایتیں نہیں دیتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا کی 68 فیصد آبادی اسلام آباد سے 3.5 گھنٹے کی پرواز پر رہتی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان دنیا میں تیسرا سب سے بڑا فری لانس سافٹ ویئر ایکسپورٹر ہے۔ 

اس ٹوئٹ کے ساتھ ٹیسلا کے بارے میں یہ خبر بھی ہے کہ وہ مستقبل میں برلن میں بننے والی اپنی فیکٹری میں 5 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں بنائے گا۔ جرمنی میں ایک نئی گیگا فیکٹری بنانے کا منصوبہ نومبر 2019ء میں ایلون مسک نے خود پیش کیا تھا۔ گرون ہائیڈ کے علاقے میں بنائی جانے والی یہ فیکٹری ٹیسلا کو 4 ارب یوروز کی پڑے گی اور اس پر کام کا آغاز 2020ء میں ہوگا۔ یہ یورپ میں ٹیسلا کی پہلی مینوفیکچرنگ سہولت ہوگی۔ یہ کاریں اور بیٹریاں دونوں بنائے گی۔

یہ مینوفیکچرنگ پلانٹ شیڈول کے مطابق 2021ء کے اواخر میں مکمل ہوگا۔ یورپی یونین ممکنہ طور پر جرمنی میں اس کارخانے کی تعمیر کے لیے ٹیسلا کو 300 ملین یوروز کی سبسڈی دے گی۔ یہ مینوفیکچرنگ پلانٹ ٹیسلا کی آنے والی کومپیکٹ SUV، ماڈل Y، بنائے گا۔ یہ دنیا میں ٹیسلا کا چوتھا پروڈکشن پلانٹ ہوگا اور 740 ایکڑ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہوگا۔ اس سے روزگار کے تقریباً 10,000 مواقع پیدا ہوں گے۔ ٹیسلا بڑے پیمانے پر جدّت اختیار کر رہا ہے اور مستقبلِ قریب میں ممکنہ طور پر نئے ماڈلز متعارف کروائے گا۔

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے حال ہی میں نئی الیکٹرک وہیکل (EV) پالیسی کی منظوری دی ہے۔ ایک بین الوزارتی کمیٹی بھی ترتیب دی گئی ہے کہ وہ EV پالیسی کو نافذ کرے اور EV انڈسٹری کے لیے قواعد و ضوابط مرتب کرے۔ اس پالیسی کو آٹو سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جن کا کہنا ہے کہ اسے جلد بازی میں نافذ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں اسٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت بھی نہیں کی گئی۔ 

ایسی ہی خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے اور پاکستان میں ٹیسلا کی نئی پیداواری تنصیب کے امکانات کے حوالے سے اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کر سکتے ہیں۔

Exit mobile version