ہونڈا اکارڈ 2017 ہائبرڈ: پہلے سے زیادہ باکفایت اور ماحول دوست!

0 329

ہونڈا جاپان نے اپنی مشہور اور مہنگی سیڈان گاڑیوں میں سے ایک ہونڈا اکارڈ 2017 ہائبرڈ کو نئی جدت کے ساتھ روشناس کروایا ہے۔ ہونڈا نے اس گاڑی کی تیاری پر ایک سال سے بھی زائد عرصہ صرف کیا اور نتیجہ دیکھ کر یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ جاپانی ادارے کی محنت ہر گز رائیگاں نہیں گئی۔ تحفظ ماحولیات ایجنسی (EPA) نے بھی ہونڈا اکارڈ 2017 میں ایندھن کی کفایت کو تسلیم کرتے ہوئے اسے ہونڈا کی بہترین ماحول دوست گاڑی قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا CR-V اور اکارڈ بھی سِوک 2016 کی طرز پر بنائی جائے گی

ہونڈا اکارڈ 2017 ہائبرڈ میں دو جدید ہائبرڈ موٹرز شامل کی گئی ہیں۔ انہیں ہونڈا اسپورٹ ہائبرڈ i-MMD کا نام دیا گیا ہے۔ گو کہ یہ موٹرز ہونڈا اکارڈ کے پرانے ماڈل میں بھی شامل تھیں لیکن نئی اکارڈ میں یہ ایندھن کی اضافی بچت کو ممکن بنائیں گی۔ ہونڈا کے مطابق نئی اکارڈ کی مائلیج 48 میل فی گیلن (20.5 کلومیٹر فی لیٹر) ہے جو بلاشبہ اکارڈ جیسی سیڈان کو دیکھتے ہوئے کافی متاثر کن نظر آتی ہے۔ اس حوالے سے ہونڈا کا کہنا ہے کہ اکارڈ 2017 ہائبرڈ اس وقت دستیاب تمام اوسط حجم والی سیڈان گاڑیوں میں سب سے کم ایندھن خرچ کرنے والی گاڑی ہے۔

فی الوقت ہونڈا (Honda) یہ گاڑی امریکا اور جاپان میں فروخت کے لیے پیش کر رہا ہے۔ سال 2014 میں ہونڈا نے امریکا میں 14,000 گاڑیاں فروخت کی تھیں اور اب جاپانی ادارے کی کوشش ہے کہ رواں سال اس تعداد کو دُگنا کیا جائے۔ جبکہ آبائی وطن جاپان میں ہونڈا نے 1,800 سے ہائبرڈ اکارڈ فروخت کرنے کا ہدف طے کیا ہے۔

نئی گاڑی خریدنا چاہتے ہیں: نئی ہونڈا اکارڈ آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں

2017 Honda Accord Hybrid Interior (1)

نئی ہونڈا اکارڈ کی بہتر افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ہونڈا نے اس کی بنیادی وجہ چھوٹے سائز اور ہلکے وزن والی بیٹریز قرار دیا ہے۔ ہونڈا کے چیف انجینئر کوجی نینومیا نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی اکارڈ ہائبرڈ کے مقابلے میں نئی اکارڈ 2017 کا پاور کنٹرول یونٹ اور برقی موٹرز 23 گنا چھوٹے بنائے گئے ہیں جبکہ انٹیلی جنٹ کنٹرول یونٹ (بشمول لیتھیم بیٹری) کا سائز بھی 33 فیصد چھوٹا اور وزن 13 فیصد کم ہے۔

نئی اکارڈ ہائبرڈ پہلی بار اپریل 2016 میں منظر عام پر آئی تھی۔ دنیا بھر میں اس کی فروخت رواں سال 2016 کے موسم بہاراں سے شروع کیے جانے کی توقع ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا ہونڈا ایٹلس نئی ہائبرڈ اکارڈ کو پاکستان میں کب متعارف کرواتی ہے۔ پاکستان میں اکارڈ کی قیمت پہلے ہی بہت زیادہ ہے لہٰذا ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی حامل اکارڈ 2017 کی اضافی قیمت میں پیشکش پاکستان کے لیے زیادہ موزوں نہیں ہوگی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.