ہونڈا سِوک 2016 رواں سال جون یا جولائی میں پیش کی جائے گی: ذرائع

1 151

دنیا بھر میں گاڑیوں کے شوقین افراد کو اپنے سحر میں مبتلا کردینے والی نئی ہونڈا سِوک (Honda Civic) پاکستان آیا چاہتی ہے۔ امریکا اور کینیڈا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد گزشتہ ماہ سِوک کی دسویں جنریشن نے پہلی بار کسی ایشیائی ملک (فلپائن) میں قدم رکھا تھا۔ سِوک سیڈان اور ہیچ بیک کی زبردست کامیابی کے بعد کچھ روز قبل نئی سِوک کا اسپورٹس ورژن بھی برطانیہ میں متعارف کروایا جا چکا ہے۔

پاکستان میں ہونڈا گاڑیاں فروخت کرنے والے ادارے ہونڈا ایٹلس کی روایت رہی ہے کہ وہ ستمبر کے مہینے میں نئی گاڑیاں متعارف کرواتا رہا ہے۔ اسی وجہ سے نئی سِوک کی پاکستان آمد سے متعلق بھی یہی خیال کیا جارہا تھا کہ اسے ستمبر 2016 یا پھر آئندہ سال 2017 کے اوائل میں پیش کیا جائے گا۔ اس خیال کو رواں سال جنوری میں ہونڈا HR-V کی پیش کش سے مزید تقویت حاصل ہوئی۔ عام خیال یہی تھا کہ HR-V کو پیش کیا جانا دراصل سِوک کی آمد ملتوی کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ تاہم اب یہ تمام اندازے اور خیالات غلط ثابت ہوتے نظر آرہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سِوک 2016 کی ایشیا آمد؛ فلپائن میں بُکنگ کا آغاز ہوگیا

گاڑیوں کے شعبے سے وابستہ ہمارے باخبر ذرائع کے مطابق ہونڈا ایٹلس رواں سال جون یا جولائی کے مہینے میں نئی سِوک متعارف کروانے جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق نئی ہونڈا سِوک X کو 1800cc نیچرلی ایسپریٹڈ انجن کے علاوہ 1500cc ٹربوچارجڈ انجن کے ساتھ بھی پیش کیا جائے گا۔ البتہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ قیمت میں 1800cc انجن والی نئی سِوک کی نسبت 1500cc ٹربوچارجڈ سِوک زیادہ مہنگی ہوگی۔ کم رفتار والے انجن پر ٹیکس بھی کم لاگو ہوتا ہے جس سے گاڑی کی قیمت کم ہونی چاہیے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سِوک کے معاملے میں یہ رعایت صارفین تک نہیں پہنچ پائے گی۔

اس حوالے سے ہونڈا ایٹلس نے کسی بھی قسم کی تردید یا تصدیق جاری نہیں کی لہٰذا امید کی جاسکتی ہے کہ ذرائع سے حاصل ہونے والی خبر میں صداقت موجود ہے۔ ہونڈا سِوک سے متعلق مزید تکنیکی و دیگر خصوصیات کے حوالے سے معتبر معلومات کا انتظار ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے قارئین کو اس حوالے سے ہونے والی ہر ہر پیش رفت سے باخبر رکھیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.