جاپان سے گاڑیاں کیسے درآمد کریں؟

0 1,155

گزشتہ پانچ سالوں میں امپورٹڈ یعنی درآمد شدہ جاپانی کاریں پاکستان میں غیر معمولی طور پر بڑھ گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے درآمد شدہ گاڑیوں کے حوالے سے زیادہ صارف دوست پالیسی (آٹوموٹِو ڈیولپمنٹ پالیسی 2016-2021ء) کی بدولت آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن (APDMA) کے مطابق پاکستان میں جاپان سے درآمد شدہ گاڑیوں کی تعداد اب 70,000 تک پہنچ چکی ہے۔ مزید برآں، ایک ایسے دور میں جب ایندھن کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، یہ ایندھن بچت کرنے والی جاپانی گاڑیاں ہی مستقبل ہیں۔

البتہ جاپانی گاڑیوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باوجود چند افراد ڈیلرز کے حوالے سے شکوک و شبہات کے شکار ہیں اور خود گاڑی درآمد کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی آسانی کے لیے ہم جاپانی گاڑیوں کی پاکستان میں درآمد کے لیے مرحلہ وار رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

مرحلہ وار گائیڈ:

1۔ کئی آن لائن جاپانی آکشن ہاؤسز ہیں جن کی ویب سائٹس دستیاب جاپانی گاڑیوں کی فہرست پیش کرتی ہیں۔ ایک مرتبہ ان ویب سائٹس پر اپنا ای میل اور پتے کی معلومات پیش کرکے سائن اَپ ہونے کے بعد آپ اپنی پسند کی گاڑی منتخب کرنے کے عمل تک پہنچ سکتے ہیں۔

2۔ اپنی پسندیدہ گاڑی منتخب کرنے کے بعد آپ دستیاب گاڑیوں کی فہرست دیکھ سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر آپ ڈائی ہاٹسو میرا کا انتخاب کرتے ہیں۔ اب آپ نیچے اس کی تصویر کے ساتھ کمپنی، ماڈل، تیاری کا سال، فاصلہ اور رنگ وغیرہ جیسی درآمدی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔ یہ تفصیلات آپ کی منتخب کردہ گاڑی کی آکشن شیٹ پر واضح لکھی نظر آئیں گی۔

3۔ مزید برآں، ویب سائٹ گاڑی کی قیمت، نیلامی فیس، متعدد چارجز بشمول C&F (لاگت اور کرایہ)، آپ کی مطلوبہ بندرگاہ کے چارجز وغیرہ جیسی ضروری معلومات فراہم کرے گی۔ آکشن شیٹ کو بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے نیچے دی گئی تصویر دیکھیں۔

4۔ آکشن شیٹ گویا گاڑی کی ایکس-رے رپورٹ ہے۔ اس لیے اسے اچھی طرح پڑھیں اور سمجھیں یا اس حوالے سے اپنے کسی ماہر دوست سے رابطہ کریں اور انہیں دیکھنے دیں۔ بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے نیچے دی گئی ہماری وڈیو دیکھیں۔

5۔ آکشن فہرست کے معاہدے کے بعد اگر آپ گاڑی کو درآمد کرنے میں سنجیدہ ہیں تو آپ کو 1000 امریکی ڈالرز کی ابتدائی رقم کمپنی کے اکاؤنٹ میں جمع کروانا ہوگی (یہ ابتدائی رقم مختلف کمپنیوں کے لحاظ سے تبدیل ہوتی ہے)۔ یہ کم از کم رقم ہے جو نیلامی میں داخل ہونے کے لیے جمع کروانا ہوگی اور اچھی خبر یہ ہے کہ اگر آپ نیلامی میں کامیاب نہ ہوں تو یہ مکمل طور پر قابلِ واپسی ہے۔

6۔ ایک مرتبہ اپنی پسندیدہ گاڑی کے لیے بولی لگا لیں تو آپ کو مقررہ نیلامی تاریخ پر کمپنی کی جانب سے بولی کے نتیجے کی اطلاع دی جائے گی۔

7۔ اگر آپ نیلامی بولی جیت گئے تو کمپنی (آپ کی منتخب کردہ گاڑی کی مالک) آپ کو بقیہ رقم جمع کروانے کا کہے گی (حاصل کردہ بولی کی قیمت اور ابتدائی رقم کا فرق مع C&F چارجز)۔ مثال کے طور پر اگر آپ کی جیتی گئی بولی ایک ملین جاپانی ین تھی جو 12,51,607 روپے بنتی ہے (بمطابق مارچ 2018ء) تو C&F چارجز 1,00,000 جاپانی ین (1,25,160روپے) ہوں گے۔

8۔ آپ کو یہ بات ذہن میں رکھنا ہوگی کہ S.R.O. 52(1)/2019 کے مطابق آپ کو گاڑی کی ادائیگی غیر ملکی کرنسی کی صورت میں کرنا ہوگی۔

9۔ گاڑی خریدنے میں کامیابی اور رقم کی ادائیگی کی تصدیق کے بعد کمپنی شپمنٹ کے آغاز سے پہلے آپ کو اصل دستاویزت بذریعہ کوریئر بھیجے گی۔ ان دستاویزات میں شامل ہوگا:

اصل رسید

اصل ایکسپورٹ سرٹیفکیٹ جاپانی زبان میں

ترجمہ شدہ ایکسپورٹ سرٹیفکیٹ انگریزی میں

دو نقول اصل B/L (بل آف لیڈنگ) کی

10۔ اس کے بعد تقریباً 15 دن میں گاڑی کراچی پورٹ پہنچتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ حتمی تاریخ نہیں ہے، سخت موسمی حالات کی وجہ سے اس میں تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔

11۔ اس کے بعد آپ کو کسٹمز ایجنٹ حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی جو کسٹمز کلیئرنس کے اس پورے (بہت بڑے) عمل کو سنبھالے گا، جس میں گاڑی کی کلیئرنس، پاسپورٹ فیس اور پورٹ چارجز وغیرہ شامل ہیں۔

امید ہے کہ اس تحریر نے جاپان سے گاڑی درآمد کرنے کے پیچیدہ عمل کے بارے میں آپ کے ذہن کو واضح کردیا ہوگا۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.