اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک ہی دن میں ڈرائیونگ لائسنس فراہمی کی سہولت دے دی، فیس میں بھی کمی
اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) نے ایک ہی دن میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کی سہولت متعارف کرواتے ہوئے گزشتہ فیس میں 400 روپے کی واضح کمی بھی کردی ہے۔ حال ہی میں متعارف کردہ اس سہولت کا افتتاح وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کیا، جو اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) کے صدر دفتر میں اس کی 13 ویں سالگرہ کے موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
اب درخواست گزار ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرکے اسی روز ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے قابل ہوں گے۔ اس سے قبل درخواست گزار کو ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد کئی دن انتظار کرنا پڑتا تھا۔ لیکن ITP کی پیش کردہ نئی سہولت سے شہریوں کو خوب سہولت حاصل ہوگی کہ جنہیں اضافی فیس بھی ادا نہیں کرنا پڑے گا اور انتظار کی گھڑیاں بھی نہیں گننا پڑیں گی۔
مزید برآں، اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) نے انکشاف کیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی فیس بھی گھٹا کر 2250 روپے کردی گئی ہے۔ اس سے قبل درخواست گزار کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے 2650 روپے ادا کرنا پڑتے تھے۔ لائسنس کی فیس میں400 روپے کی کمی سے دراصل شہریوں کی جانب سے بڑی تعداد میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
پاکستان میں ایسے ڈرائیوروں کی بڑی تعداد موجود ہے جو یا تو سرے سے لائسنس ہی نہیں رکھتے یا وہ زیادہ فیس ہونے کی وجہ سے پرانے لائسنس کی تجدید نہیں کرواتے۔ ITP شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کا عہد رکھتا ہے اور بغیر کسی تاخیر کے انہیں لائسنس ہولڈر بنانے پر یقین رکھتا ہے۔
حال ہی میں ITP نے ایک کمپیوٹرائزڈ ٹریفک سائن ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کروایا ہے تاکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل میں شفافیت لائی جا سکے۔ اب تمام درخواست گزار ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے کے ساتھ ساتھ کمپیوٹرائزڈ ٹریفک سائن ٹیسٹنگ سسٹم سے گزرنے کے پابند ہیں۔ اس عمل کو متعارف کروانے سے یقینی بنایا جائے گا کہ صرف اہل فرد ہی ڈرائیو کرنے کے قابل ہو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے PakWheels کے ساتھ رہیں۔ اپنی رائے نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔