17 دسمبر سے نیشنل بینک بھی ای-چالان قبول کرے گا
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو سہولت دینے اور ریگولیٹری عمل کو آسان بنانے کے لیے 17 دسمبر 2018ء سے ای-چالان کی وصولیابی کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یکم دسمبر 2018ء کو PSCA ہیڈ کوارٹرز، لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس میں PSCA کے چیف آپریٹنگ آفیسر (COO) اکبر ناصر خان اور نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) کے چیف انفارمیشن آفیسر (CIO) اور اور SEVP شاہد سعید خان نے ای-چالان ادائیگیوں کی NBP کی تمام شاخوں پر وصولیابی کا آغاز کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دسخط کیے۔ SVP اور ریجنل ہیڈ سلیم طاہر، ڈیولپمنٹ ہیڈ اور وائس پریزیڈنٹ عامر مقبول اور سافٹویئر ڈیولپر مہران خان پر مشتمل NBP کی ٹیکنیکل ٹیم بھی اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام جلد ہی ای-چالان کی ادائیگی کے لیے اینڈرائیڈ ایپلی کیشن اور ATM سروسز تک رسائی پائیں گے۔ NBP کے کیش کاؤنٹرز پر ای-چالان کی وصولیابی کا آغاز 17 دسمبر 2018ء سے ہوگا۔
قبل ازیں، ای-چالان ادائیگی بینک آف پنجاب (BoP) کی شاخوں کے کیش کاؤنٹرز اور ATMs پر ہوتی تھی۔ PSCA، عوام کو سہولت دینے کے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے، ای-چالان ادائیگی کرنے کے عمل کو آسان اور قابل رسائی بنانے کے حل پیش کرنے کا پابند ہے۔ جرمانوں کی ادائیگی کے عمل میں نیشنل بینک آف پاکستان کی شرکت عوام کے لیے اس عمل کو کہیں ہموار اور آسان بنائے گی۔
اپنی گاڑی کے خلاف جاری ہونے والے ای-چالان کوئی بھی شخص باآسانی echallan.psca.gop.pk پر جاکر شناختی کارڈ نمبر اور گاڑی کا رجسٹریشن نمبر درج کرکے حاصل کر سکتا ہے کہ جنہیں باآسانی ڈاؤنلوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ فی الوقت آپ ای-چالان کو پرنٹ کرکے بھی بینک آف پنجاب کی کسی بھی شاخ پر یا ATM یا موبائل ایپلی کیشن سروس استعمال کرکے جمع کروا سکتے ہیں۔
مزید خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔ اگر آپ کوئی تجویز دینا چاہتے ہیں تو نیچے تبصروں میں دیجیے۔