این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علموں کی تیار کردہ فارمولا ریسنگ کار کی نقاب کشائی
کراچی میں قائم NED یونیورسٹی کے ہونہار طالب علموں نے پہلی بار اپنی مدد آپ کے تحت فارمولا ون SAE کار تیار کر کے سب کو حیران کردیا ہے۔ کسی بھی سرکاری جامعہ میں پہلی بار تیار کی جانے والی اس چھوٹی فارمولا کار کی باقاعدہ رونمائی آج (منگل کو) گورنر سندھ عشرت العباد خان نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے این ای ڈی کے طالب علموں اور اساتذہ کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے مقابلے کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
این ای ڈی طالب علموں کی تیار کردہ ریسنگ کار 22 سے 25 جولائی تک اطالیہ میں ہونے والی فارمولا SAE میں شرکت کرے گی۔ اس مقابلے کا مقصد فارمولا ون کار کی طرز پر طالب علموں کی تیار کردہ چھوٹی فارمولا کار کے درمیان مقابلہ کروانا ہے۔ اس سال میزبان اطالیہ کے علاوہ امریکا، برطانیہ، جرمنی، برازیل، جاپان اور آسٹریلیا سمیت 250 ممالک کی ٹیمیں فارمولا SAE میں حصہ لے رہی ہیں۔ اس مقابلے میں پاکستان کی نمائندہ این ای ڈی یونیورسٹی کی ٹیم محمد احسن ارشد اور محمد رفیع کی سربراہی میں شرکت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لمز کے طالب علم ہائپرلوپ ڈیزائن پیش کریں گے
اگست 2016 میں قیام پاکستان کے 70 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے اس گاڑی کا رجسٹریشن نمبر 70 رکھا گیا ہے۔ تقریب رونمائی میں گورنر سندھ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے ایک وفد سے ملاقات کی اور انہیں مقابلے میں شرکت کے دوران سفری اور رہائشی اخراجات میں اپنے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ اس مقابلے میں شرکت کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علموں کو نجی ادارے کے الیکٹرک کا تعاون بھی حاصل ہے۔
بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کے مطابق اس ریسنگ کار کی تیار ی پر ایک سال میں تقریباً 23 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں جنہیں پورا کرنے کے لیے گورنر سندھ نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ تاہم مقابلے کی رجسٹریشن فیس 2 ہزار ڈالرز اور گاڑی کے انجن کیلئے 4 ہزار ڈالرز کی بھاری رقم طالب علموں نے از خود جمع کی ہے۔