ہیوی بائیکس کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے نوٹیفیکیشن جاری
ہیوی بائیکس کے شوقین افراد کو اب لاہور کی سڑکوں پر تیز رفتار رائڈز سے لطف اندوز ہوتے وقت انتہائی محتاط اور چوکس رہنا ہو گا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس لاہور کی جانب سے 13 فروری کو ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سڑکوں پر لاپرواہی سے غیر رجسٹرڈ شدہ ہیوی بائیکس چلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے لیے موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ لاپرواہ رائیڈنگ پیدل چلنے والوں اور سوار کی زندگی کےلیے ایک خطرہ ہے، اس حقیقت کی وجہ سے جو کوئی بھی لاپرواہ رائیڈنگ کا مجرم پایا گیا اسے PPC کے سیکشن 279 کے تحت قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس لاہور کے مطابق بہت سی غیر رجسٹرڈ ہیوی بائیکس کو کنٹونمنٹ ایریاز میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے ملٹری پولیس سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ سٹاف کو ہیوی بائیکس کی چیکنگ کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کرے تاکہ پیدل افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔