موسم سرما میں گاڑی دیکھ بھال کے لیے اہم تجاویز
گرمیوں کا موسم اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے اور نصف شب چلنے والی خنک ہوائیں سردیوں کی آمد کا پتہ دے رہی ہیں۔ موسم سرما کے ساتھ ہی پاکستان کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں، بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ ایسے موسم میں جن لوگوں کو سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان میں گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیور صاحبان بھی شامل ہیں۔ آج کے مضمون میں ہم ایسے ہی لوگوں کے لیے چند اہم تجاویز پیش کر رہے ہیں کہ جو کم درجہ حرارت والے علاقوں میں رہتے یا وہاں سفر کرتے ہیں۔
بیٹری لازمی چیک کریں
کسی بھی سفر پر نکلنے سے پہلے اپنی گاڑی کی بیٹری ضروری چیک کریں۔ اگر بیٹری کمزور ہوئی تو آپ کو گاڑی اسٹارٹ کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ممکن ہے آپ کو دھکا لگا کر گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کرنا پڑے۔ لیکن دھکا لگا کر اسٹارٹ کرنے کا طریقہ بھی صرف مینوئل گیئر رکھنے والی گاڑیوں ہی کے لیے کارگر ہے۔بیٹری میں پانی کی مقدار بھی لازمی دیکھ لیں جو کہ نہ بہت زیادہ ہونا چاہیے اور نہ ہی بہت کم۔ بہتر یہی ہے کہ موسم سرما کی آمد سے قبل ہی بیٹری کو کسی اچھے مکینک سے چیک کروالیں تاکہ مستقبل میں کسی بڑے نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹائرز کی جانچ کریں
معیاری ٹائرز کی موجودگی اچھے سفر کی ضامن ہے لہٰذا لمبے سفر پر نکلتے ہوئے بالخصوص برفانی علاقوں کی طرف جانے سے قبل اس بات کی تسلی کرلیں کہ گاڑی کے ٹائر اچھی حالت میں ہوں۔ ٹائر کی حالت جانچنے کے مختلف طریقے ہیں جن میں سے ایک ٹائر ٹریڈ کو پرکھنا بھی ہے۔ اس کے علاوہ ٹائر پر کسی قسم کی گلنے یا سڑنے کے نشانات بھی اس کی خراب حالت بیان کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹائر میں بھری جانے والی ہوا کا تناسب بھی اہمیت کا حامل ہے۔ ٹائر ٹریڈ اور ہوا کا تناسب دونوں ہی گاڑی کی بہتر گرفت اور محفوظ سفر کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
گاڑی کو پیٹرول پر منتقل کریں
جن گاڑیوں میں CNG کٹ موجود ہوتی ہے انہیں طویل وقت کے لیے کھڑا رکھنے سے قبل پیٹرول پر منتقل کردینا مناسب ہے۔ سرد موسم کی گیس کا درجہ حرارت بھی کم ہوجاتا ہے اور یوں گاڑی اسٹارٹ کرنے میں دشواری کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انجن پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے اور اس کی کارکردگی بہتر رکھنے کے لیے یہی تجویز کیا جاتا ہے کہ گاڑی کو ہمیشہ پیٹرول پر منتقل کر کے ہی کھڑا کریں۔
گاڑی کا ہیٹر چیک کریں
شدید سردی میں سفر پر نکلنے سے قبل گاڑی میں موجود ہیٹر کی کارکردگی ضرور چیک کریں۔ سرد موسم میں گاڑی چلانا کٹھن ثابت ہوسکتا ہے ایسے میں صرف ہیٹر ہی آپ کی مدد کے لیے دستیاب ہوگا۔ لہٰذا ہیٹر کی کارکردگی پر کوئی سمجھوتا نہ کریں۔
انجن آئل تبدیل کریں
موسم کے اعتبار سے انجن آئل کی تبدیلی میں ہی سمجھداری ہے۔ بیرونی درجہ حرارت میں کمی سے انجن آئل گاڑھا ہوجاتا ہے اور اسے اپنا کام انجام دینے میں مشکل پیش آسکتی ہے۔ لہٰذا بہتر ہے کہ انجن آئل کی باریکیت اور گاڑھے پن کو مدنظر رکھتے ہوئے مثلاً 5W-30 استعمال کیا جائے۔ موسم سرما کے دوران 10W-30 انجن آئل 20W-50 سے بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مختلف انجن آئل کے فرق کو سمجھیں اور درست آئل کا انتخاب کریں!
تیز روشنیوں کا استعمال
موسم سرما کے دوران شدید دھند کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے اس لیے گاڑی میں فوگ لائٹس اور اسٹاپ لائٹس کی درستگی لازماً دیکھیں۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سفر کرنے والوں کو اس بارے میں زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔
اسٹارٹر کی سروس کروالیں
تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے ساتھ ہی گاڑی کے اسٹارٹر کی سروس بھی لازمی کروائیں۔ اگر سروس کے دوران اسٹارٹر کمزور محسوس کو تو اسے تبدیل کروائیں کیوں کہ کمزور اسٹارٹر کی موجودگی میں گاڑی اسٹارٹ کرنے کے لیے انجن پر دباؤ بڑھتا ہے اور بیٹری کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔
یہ چند تجاویز تھیں کہ جن پر عمل کر کے آپ موسم سرما میں اطمینان کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں۔