ان پانچ تجاویز پر عمل کریں اور گاڑی کے ٹائرز پھٹنے سے بچائیں!

0 703

دوران سفر گاڑی کا ٹائر پھٹ جانا کئی اندوہناک حادثات کی وجہ بن چکا ہے۔ اس لیے سفر پر نکلنے سے پہلے کوشش کرنی چاہیے کہ گاڑی کے تمام ٹائرز کو اچھی طرح چیک کرلیں۔ ذیل میں چند تجاویز پیش خدمت ہیں جن پر عمل کر کے ٹائر پھٹنے کے امکانات کو کم اور معیاد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

ٹائر میں مناسب ہوا بھریں

ہوا کا تناسب بہت کم یا بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اکثر و بیشتر ٹائر پھٹ جانے کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ اگر ٹائر میں ہوا کا تناسب بگڑ جائے تو اس سے پہیے کے دیگر اجزا (مثلاً ربڑ، اسٹیل، بناوٹ وغیرہ) خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ ہوا میں کمی کے باعث ٹائر میں غیر معمولی لچک آجاتی ہے، اس کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوجاتا ہے اور بناوٹ پر منفی اثر پڑتا ہے اور انہی وجوہات کی بنا پر ٹائر پھٹنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس صورتحال سے بچنے کے لیے تجویز کیا جاتا ہے کہ ٹائر میں ہوا کا تناسب وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹائر گلنے کی وجوہات اور گاڑی کی کارکردگی پر اس کے اثرات

بہت زیادہ وزن لادنے سے پرہیز کریں

کسی بھی گاڑی میں بہت زیادہ سامان لادنے کا براہ راست اثر پہیوں بالخصوص ٹائر پر پڑتا ہے۔ سامان کا وزن جتنا زیادہ ہوگا ٹائر پر بوجھ بھی اتنا ہی زیادہ آئے گا۔ اس سے ٹائر آہستہ آہستہ خراب ہونا شروع ہوجاتے ہیں اور بالآخر اس کا انجام ٹائر پھٹنے کی صورت میں نکلتا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ مسافر بردار گاڑی ہو یا سامان اٹھانے والی گاڑی، دونوں ہی کے ٹائرز چیک کرتے رہیں بصورت دیگر جانی و مالی نقصان کا اندیشہ رہتا ہے۔

سفر کے دوران کھڈوں سے بچیں

پاکستان میں سڑکوں کی حالت زیادہ اچھی نہیں ہے۔ اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ سفر کے دوران کھڈوں سے بچنا سو فیصد ممکن ہے۔ البتہ ان کھڈوں پر سے گاڑی گزارتے ہوئے احتیاط سے کام لیا جاسکتا ہے۔ اگر گاڑی کے ٹائر میں ہوا کا تناسب ٹھیک ہو تو کھڈے سے گزرتے ہوئے گاڑی کے ٹائر کو کم نقصان پہنچتا ہے۔ اگر سفر کے دوران اچانک کوئی گڑھا سامنے آجائے تو بریک استعمال نہیں کرنے چاہئیں کیوں کہ اس سے گاڑی کا تمام وزن اگلے پہیوں پر آجائے گا اور اس سے گاڑی کے کھڈےمیں پھنس جانے کا امکان بھی بڑھ جائے گا۔ لیکن اگر کبھی ایسی صورتحال درپیش ہو بھی جائے تو بہتر ہے کہ گاڑی کے ٹائروں کو اچھی طرح چیک کریں۔

یہ بھی پڑھیں: موسم سرما میں ٹائرز کا خیال رکھنے کے لیے 4 اہم تجاویز

پرانے ٹائرز سے جان چھڑائیں

جان ہے تو جہان ہے۔ اس لیے پیسے بچانے کے بجائے اپنی اور گاڑی کے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرانے اور گھسے ہوئے ٹائرز سے جلد از جلد جان چھڑائیں۔ ٹائرز کی معیاد اور حالت کئی عوامل پر منحصر ہے جن میں گاڑی چلانے کا انداز، موسم کی صورتحال اور سڑکوں کی حالت بھی شامل ہے۔ ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑی کے ٹائرز کی دیکھ بھال کا خیال رکھنا چاہیے کہ آیا ٹائرز پر دراڑیں، بلبلے یا بھدے نشانات تو نہیں پڑ رہے۔ اگر ایسا ہے تو جلد از جلد نئے ٹائر لگوائیں۔

ٹائرز کی مجموعی حالت کا خیال رکھیں

گاڑی کے ٹائرز کو پھٹنے سے محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ ان کی مجموعی حالت کا خیال رکھنا ہے۔ اگر ٹائرز تیار کرنے والے ادارے کی ہدایات پر عمل کیا جائے، باقاعدگی سے انہیں چیک کروایا جائے اور احتیاط سے گاڑی چلائی جائے تو نہ صرف گاڑی کے ٹائرز پھٹنے سے محفوظ رہیں گے کہ بلکہ ان کی معیاد میں بھی قابل ذکر اضافہ ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: گاڑی کے ٹائرز طویل عرصے تک قابل استعمال رکھیں

general-tyres-pakistan

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.