پرنس پرل ایک نظر میں– قیمت، تفصیلات اور خصوصیات

پرنس پرل پاکستان میں چھوٹی اور سستی ہیچ بیک مارکیٹ میں آنے والی ایک نئی گاڑی ہے۔ پرنس کا براہِ راست مقابلہ یونائیٹڈ براوو اور سوزوکی آلٹو سے ہے۔ جن دو نئی گاڑیوں ہم یہاں جائزہ لیں گے، وہ ٹیسٹ ڈرائیو کے لیے لائے گئے CBU یونٹس ہیں اور اس جائزے کا مقصد ہے کہ آپ کو اندازہ ہو سکے کہ پرنس پرل جب خریداری کے لیے دستیاب ہوگی تو اصل میں کیسی ہوگی۔ کیونکہ یہ انٹری لیول کی ہیچ بیک ہے، اس لیے عوام اِس کی خصوصیات اور تفصیلات کا بہت عرصے سے انتظار کر رہے ہیں کہ جن ہم اس تحریر میں احاطہ کریں گے۔ پرنس اپنے ڈیلرشپ نیٹ ورک کو پھیلا رہا ہے تاکہ پاکستان میں پرل ہیچ بیک کامیاب ہو سکے۔ پرنس پرل کی تعارفی قیمت تقریباً ایک ملین یعنی 10 لاکھ روپے ہوگی۔ پرنس پرل کو ٹیسٹ ڈرائیو کے لیے بھی پیش کرتا ہے اور یہ ڈیلرشپ نیٹ ورک رواں سال کے آخر تک 16 شورومز تک پھیل جائے گا۔

ایکسٹیریئر

نئی پرنس پرل 2019ء ایک ایروڈائنامک اور ہموار شکل و صورت رکھنے والی گاڑی ہے کہ جس کے پیچ و خم بالکل درست مقامات پر ہیں۔ آپ کو فرنٹ بمپر کے اندر فوگ لیمپ نظر آئیں گے۔ اس کے ہیلوجن ہیڈلیمپ بڑے ہیں اور ڈے ٹائم رننگ لائٹ (DRLs) رکھتے ہیں۔ پرنس پرل کے پیچ و خم سائیڈوں سے بھی نظر آ سکتے ہیں۔ سائیڈ مررز باڈی کے رنگ کے ہی ہیں اور انڈی کیٹرز بھی انہی کے اندر لگے ہوئے ہیں۔ پچھلے بمپر میں ریفلیکٹرز لگے ہوئے ہیں۔ پرنس پرل 13 انچ کے الائے رِمز کے ساتھ آتی ہے۔

انٹیریئر

انٹیریئر دیکھیں تو پرنس پرل کئی خصوصیات رکھتی ہے۔ ڈرائیور کے دروازے پر آپ کو پاور ونڈوز اور لاکس کے کنٹرول ملیں گے۔ اسٹیئرنگ کے نیچے دائیں جانب آپ کو ہائیڈرولک ٹرنک، فوگ لیمپ اور پاور سائیڈ مررز کے بٹن ملیں گے۔ اسٹیئرنگ ویل کے پیچھے ایک ڈجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر ہے جو ذرا جدید سا لگتا ہے۔ کیبن کے اندر لکڑی کے کام کی جھلک بھی دکھائی دیتی ہے اور آپ اسٹیئرنگ ویل، دروازے اور ڈیش بورڈ میں بھی اس کی جھلک دیکھ پائیں گے۔ یہ لکڑی کا کام انٹیریئر کو ذرا پریمیم انداز دیتا ہے۔ پرنس اپنی ہیچ بیک میں دو قسم کے انٹیریئر پیش کر رہا ہے۔ ایک لکڑی کے ٹرِم کے ساتھ جبکہ دوسرا سلور ٹرِم میں۔ سلور ٹرِم ہیچ بیک کو ایک اسپورٹی اور جدید انداز دیتا ہے۔ 

ڈیش بورڈ کے درمیان میں 5.8 انچ کی ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ ہے۔ انفوٹینمنٹ سسٹم اسکرین مررنگ، بلوٹوتھ اور SD کارڈ کنیکٹیوٹی رکھتا ہے۔ انفوٹینمنٹ سسٹم کے نیچے ایئر کنڈیشننگ کے کنٹرولز ہیں۔ ڈرائیور کے لیے درمیان میں آرم ریسٹ ہے اور سیٹیں بھی کپڑے کا استر رکھتی ہیں۔ انٹیریئر کے اندر مختلف چیزیں رکھنے کے لیے کئی کمپارٹمنٹس ہیں۔ پرنس پرل کا ایک آپشنل یعنی اختیاری فیچر مسافر اور ڈرائیور کے لیے ایئر بیگز بھی ہیں۔ 

ڈور لاکس اور ہینڈلز کروم فنش رکھتے ہیں، جو انٹیریئر کو پریمیم صورت دیتے ہیں۔  ہیڈلائٹ کنٹرولز اسٹیئرنگ کے بائیں جانب دیے گئے ہیں۔وِنڈ شیلڈ وائپرز کے کنٹرولز اسٹیئرنگ کے دائیں جانب ہیں۔ پیچھے کی نشستوں پر دو ہیڈریٹس ہیں اور دو سے تین مسافروں کے بیٹھنے کے لیے کافی گنجائش ہے۔ آڈیو یونٹ کے لیے اسپیکرز دروازوں میں دیے گئے ہیں۔ سیٹ بیلٹس پیچھے بیٹھے مسافروں کے لیے بھی ہیں۔ ڈِگی میں چیزوں کو ڈھانپنے کے لیے کور کے علاوہ ایک اضافی ٹائر کی جگہ بھی ہے۔ 

انجن اور ٹرانسمیشن

نئی پرنس پرل 800cc نیچرلی اسپائریٹڈ انجن کے ساتھ آئے گی۔ یہ انجن 4-اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن سے لیس ہے۔ پرنس دعویٰ کرتا ہے کہ یہ انجن ایندھن کے لحاظ سے مؤثر ہے اور 18 کلومیٹر فی لیٹر دے گا۔ فیول ٹینک کی کُل گنجائش 27 لیٹر ہے جو ایک چھوٹی ہیچ بیک کے لیے کافی ہے۔ 

یہ نئی پرنس پرل کا ایک مختصر خلاصہ تھا تاکہ آپ کو اندازہ ہو جائے کہ ستمبر کے آخر تک جب اسے پیش کیا جائے گا تو کن کن چیزوں کی توقع رکھی جائے۔ تب تک پرنس پرل کے بارے میں مزید جاننے کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے اور اپنی رائے نیچے تبصروں کے حصے میں کیجیے۔

Exit mobile version