راوی پیاگو میں 250 سی سی انجن کیسے لگایا؟ ایک پاک ویلر کی دلچسپ کہانی

کچھ ہفتوں پہلے میں اپنے دوست کے لیے ایک بہترین موٹر سائیکل تلاش کر رہا تھا۔ گوکہ ہم راوی پیاگو 125 اور سوزوکی GS150 میں سے کسی ایک پر متفق ہونا چاہتے تھے لیکن بہتر سے بہتر کی تلاش پھر بھی جاری رکھی۔ اسی تلاش کے دوران مجھے پاک ویلز فورم پر ایک پوسٹ نظر آئی جس میں ایک پاک ویلر نے اپنی راوی پیاگو کے 125 سی سی انجن کی جگہ 250 س سی کا انجن لگا دیا۔

یہ چیز میرے لیے حیران کن بھی تھی لیکن اس سے بھی زیادہ مجھے سکندر اکرام کی محنت پر رشک آیا کہ جنہوں نے ازخود اپنی موٹر سائیکل کا انجن تبدیل کیا۔ یہ بلاگ لکھنے کا مقصد موٹر سائیکل کا شوق رکھنے والے ایک شخص کی محنت پر داد دینا اور دیگر لوگوں کو بطور مثال پیش کرنا ہے کہ کس طرح ایک عام آدمی نے بغیر کسی سے مدد لیے اپنی بائیک پر خود ہی کام کیا۔

سکندر اکرام لکھتے ہیں کہ انہیں اپنی موٹر سائیکل کے 125 سی سی انجن کی قوت میں کمی محسوس ہورہی تھی اور وہ بہت زیادہ موٹر آئل بھی پی رہا تھا۔ اتفاق سے انہی دنوں سکندر کو 250 سی سی کا انجن ملا جو ان کی راوی پیاگو کے چیسز کے لیے بالکل مناسب تھا۔ پاک ویلز فورم کے ایک ساتھی رکن کی مدد سے انہوں نے وہ انجن خریدا اور پھر خود اپنی موٹر سائیکل میں لگایا۔ بعد ازاں انہوں نے کئی ایک طویل سفر کیے اور موٹر سائیکل میں کسی بھی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی بلکہ راوی پیاگو کی کارکردگی پہلے سے بھی بہتر ہوگئی۔

سکندر اکرام @Silver_Knife کے نام سے پاک ویلز فورم پر موجود ہیں۔ اگر آپ ان کی مکمل کہانی پڑھنا چاہیں تو اس ربط پر کلک کریں۔ اگر میری طرح آپ کو بھی سکندر کا کارنامہ پسند آئے تو حوصلہ افزائی کرنا ہر گز مت بھولیے گا۔

Exit mobile version