یورپی کار ساز ادارہ رینالٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار

سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے گذشتہ روز جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گاڑیاں تیار کرنے والی فرانسیسی کمپنی رینالٹ (رینو) سال 2018 تک پاکستان میں گاڑیوں کی تیاری شروع کرے گی۔ سرمایہ کاری بورڈ نے رینالٹ کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی نوید سناتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ ملک اسحاق ڈار کی انتھک محنت اور مسلسل کوششوں کی بھی حوصلہ افزائی کی۔

انگریزی روزنامے ایکسپریس ٹریبیوں میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ کے سربراہ نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ فرانسیسی کار ساز ادارہ گندھارا کے کارخانوں کی استعداد بڑھانے کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کرے گا۔ توقع ہے کہ یورپی کمپنی رینالٹ ڈسٹر (Duster) جیسی کراس اوورز کی پیشکش سے پاکستان میں کاروبار کا آغاز کرے گا جس کی قیمت لگ بھگ 25 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔ ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق رینالٹ 1200cc گاڑیوں کی پیشکش میں بھی دلچسپی رکھتا ہے جس کا مقصد متوسط طبقے کے خریداروں کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نسان ڈاٹسن گو اور گو+ کی پاکستان میں جانچ؛ خفیہ تصاویر منظر عام پر آگئیں

یورپی کارساز ادارے کی جانب سے نئی سرمایہ کاری کے بعد شعبے میں بہتری کی امید کی جارہی ہے۔ شعبے میں پیش رفت کی تازہ نوید سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں جاپانی کار ساز اداروں کی اجارہ داری ختم کرنے کی حکومتی کوششیں اب رنگ لانا شروع ہوچکی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اور سرمایہ کاری بورڈ کے سربراہ فرانس کے متعدد دورے کرچکے ہیں جہاں انہوں نے مختلف کارساز اداروں بشمول پیجیوٹ اور رینالٹ کے اعلی عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کیں تھیں۔

مزید پڑھیں: نسان اور رینالٹ کی پاکستان میں نئی گاڑیاں متعارف کروانے سے متعلق گفتگو

Exit mobile version