پاکستان میں دستیاب 6 بہترین اسپورٹس کارز

0 201

یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ پاکستان میں صارفین اب پہلے سے زیادہ بالغ ذہن رکھتے ہیں۔ آزاد ذرائع سے حاصل کردہ معلومات نے اب خریداروں کو اپنے لیے درست اور مناسب چیز منتخب کرنے کی سمجھ فراہم کی ہے۔ گو کہ دنیا بھر میں اکثر لوگ عام اور رواتی طرز کی چیزیں خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن لوگوں کی بڑی تعداد ایسی بھی ہے کہ جو سب سے جدا نظر آنا چاہتی ہے۔ اور دور جدید میں اپنے لیے بہترین گاڑی تلاش کرنا ویسے بھی کوئی لمبا چوڑا کام نہیں رہا۔ اگر آپ میں گاڑیوں کا شوق اور جذباتی لگاؤ موجود ہے تو آپ محدود بجٹ میں بھی بہترین گاڑی ڈھونڈ سکتے ہیں۔

ذیل میں کم قیمت اور قابل خرید اسپورٹس کارز کا تعارف پیش خدمت ہے جنہیں پاکستان میں باآسانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ہونڈا CR-Z
ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی حامل ہونڈا کی یہ گاڑی اپنے جذباتی انداز کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتی ہے۔ ایک لیٹر ایندھن میں 20 سے 22 کلومیٹر مسافت فراہم کرنے والی اس گاڑی کا سفری تجربہ انتہائی دلچسپ اور منفرد ہے۔ اسے ہونڈا کی جانب سے پہلی مرتبہ سال 2010 میں متعارف کروایا گیا تھا۔ اسی سال یعنی 2010 ہی میں اس کی تیاری اور فروخت شروع کی گئی جو اب تک جاری و ساری ہے۔ پاکستان میں اس گاڑی کے 2010 سے 2015 ماڈلز دستیاب ہیں۔ قیمت کی بات کریں تو 2012 ماڈل اوسطاً 16 سے 18 لاکھ روپے میں خریدا جاسکتا ہے۔

ڈائی ہاٹسو کوپین
ڈائی ہاٹسو کوپین کی دوسری جنریشن سال 2014 میں متعارف کروائی گئی۔ اس میں 660cc ٹربوچارجڈ انجن شامل ہے جو گاڑی کو اگلے پہیوں کی قوت (fwd) سے سفر کرنے کی اہلیت فراہم کرتا ہے۔ کوپین کے تین مختلف ماڈلز متعارف کروائے جاچکے ہیں جن میں سیرو، روب اور X-پلے شامل ہیں۔ اس گاڑی کی منفرد خصوصیات میں چھت کا دلچسپ انداز اور انتہائی باکفایت انجن بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں اپنے مخصوص ظاہری انداز کی بدولت یہ گاڑی شہر میں سفر کرنے کے لیے بھی بہترین ہے۔ پاکستان میں ڈائی ہاٹسو کوپین روب (2014 و جدید ماڈل) 17 سے 18 لاکھ روپے میں دستیاب ہے۔

مزدا RX8
اگر آپ روایت پسند ہیں اور پچھلے پہیوں کی قوت (rwd) سے چلنے والی اسپورٹس کار خریدنا چاہتے ہیں تو پھر مزدا RX8 ہی آپ کا بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ اسے عالمی سطح پر سال 2003 میں پیش کیا گیا تھا اور تب ہی سے یہ کواڈ کوپے کے طور پر خاصی مقبول ہوچکی ہے۔ اس کی پہلی جنریشن سال 2003 سے 2012 تک پیش کی جاتی رہی جس کے بعد اسے چند معمولی تبدیلیوں اور بہتر انجن کے ساتھ متعارف کروایا گیا۔ پاکستان میں مزدا RX8 کا ماڈل 2011 باآسانی 22 سے 24 لاکھ روپے میں حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کچھ سال پرانا مثلا 2007 ماڈل خریدنا چاہیں تو اس کی اوسطاً قیمت 12 سے 13 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔

نسان Z-سیریز
جاپانی کار ساز ادارے نسان کی پیش کردہ Z-سیریز دراصل کئی اسپورٹس کارز پر مشتمل ہے۔ اس سیریز کی سب سے پہلی اور اصلی گاڑی جاپان میں اکتوبر 1969 میں فروخت کی گئی تھی۔ سال 2008 میں نسان نے Z-سیریز کی چھٹی جنریشن متعارف کروائی۔ پاکستان میں اس سیریز کی چوتھی جنریشن (300ZX)، پانچویں جنریشن (350Z) اور محدود تعداد میں چھٹی جنریشن (370Z) بھی دستیاب ہے۔ پاکستان میں سال 2004 ماڈل کی نسان 350Z باآسانی 28 سے 31 لاکھ روپے میں خریدی جاسکتی ہے۔

مرسڈیز بینز CLK
اگر آپ ایسی گاڑی لینا چاہتے ہیں کہ جو روز مرہ امور کی انجام دہی میں بھی استعمال کی جاسکے اور آپ کے ‘اسپورٹس کار’ کے شوق کو بھی پورا کرسکے تو مرسڈیز بینز CLK بہترین انتخاب ہے۔ ممکن ہے کہ یہ آپ کو تھوڑی مہنگی لگے لیکن اسے دیکھنے کے بعد آپ یقیناً اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں گے۔ سال 2003 میں مرسڈیز CLK کلاس کی دوسری جنریشن متعارف کروائی گئی تھی۔ یہ گاڑی چھوٹے سائز کی کوپے تھی جس میں انجن تو اگلی جانب تھا مگر یہ پچھلے پہیوں کی قوت (rwd) سے چلنے کی اہلیت رکھتی تھی۔ دوسری جنریشن جدید ڈیزائن کے مقابلے میں قدرے بڑی اور زیادہ قد و قامت والی تھی۔ سب سے زیادہ حیران کن امر یہ ہے کہ اسے 10 مختلف طرز میں متعارف کروایا گیا جس کی وجہ سے اکثر خریدار بہترین ماڈل کے انتخاب میں شش و پنج میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ پاکستان میں مرسڈیز CLK کے 2005 ماڈل کی قیمت 32 سے 35 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔

مرسڈیز بینز SLK
تو خواتین و حضرات! اس فہرست میں شام ہماری آخری اسپورٹس کار ہے مرسڈیز بینز SLK ۔ اس میں انجن اگلی جانب لگایا گیا ہے تاہم یہ پچھلے پہیوں کی قوت (rwd) سے سفر کرتی ہے۔ اس گاڑی کو چھوٹی مگر پرتعیش سواریوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ 1996 میں پیش کی جانے والی مرسڈیز SLK کو مہنگی اور رپیمیئم طرز کی مرسڈیز SL کے ماتحت رکھا گیا۔ اس کی نئی جنریشن میں 5 مختلف ماڈل شامل ہیں۔ پاکستان میں مرسڈیز بینز SLK (2012 ماڈل) 60 سے 65 لاکھ روپے کی قیمت میں دستیاب ہوسکتا ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.