عدالت عظمیٰ نے چنگ چی رکشہ چلانے کی اجازت دے دی؛ متعلقہ ادارے کو اندراج کا حکم
عدالت عظمیٰ نے چنگ چی رکشوں پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے کراچی میں چنگ چی رکشہ چلانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے متعلقہ اداروں کو چنگ چی رکشوں کے اندراج کا حکم دیتے ہوئے تین ماہ میں مکمل تفصیلات سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
آل کراچی چنگ چی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے چنگ چی رکشوں پر پابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت آج ، بروز بدھ بھی جاری رہی۔ سماعت کے دوران جج صاحبان نے چنگ چی رکشوں پر حکومتی ذمہ داران کے اعتراضات اور متبادل ٹرانسپورٹ کی فراہمی سے متعلق مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چنگ چی رکشہ پر پابندی کا فیصلہ، بس مافیا کی جیت یا حکومتی نا اہلی؟
عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ چنگ چی رکشوں کے اندراج کرتے ہوئے مکمل جانچ اور تمام حفاظتی معیارات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ نیز چنگ چی چلانے کے خواہش مند افراد کو اجازت نامہ (لائسنس) بھی درکار ہوگا جس کے حصول کے لیے امتحان بھی لیے جائیں گے۔ اعلی عدالت کے حکم نامے کے بعد اندراج اور اجازت نامے کے حصول سے قبل چنگ چی رکشہ کو سڑک پر نہیں چلایا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے چنگ چی رکشہ پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔ جس کے بعد کراچی میں چنگ چی رکشوں کی نمائندہ تنظیموں اور سیاسی جماعتوں نے اس پابندی کے خلاف عدالت عظمی سے رجوع کیاتھا۔ کیس کی سماعت گذشتہ پانچ ماہ سے جاری ہے اور ایک بار پہلے بھی اسی طرح کا فیصلہ سنایا جا چکا ہے۔ تاہم متبادل ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے حکومتی وعدوں کے بعد عدالت عظمی نے چنگ چی رکشوں کو دی گئی اجازت کو ملتوی کرتے ہوئے پابندی کو بحال رکھا تھا۔ عدالت کی جانب سے شہریوں کو متبادل ٹرانسپورٹ کی فراہمی سے متعلق جامع منصوبے سے آگاہ کرنے کا حکم دیا گیا تو سندھ حکومت نے شمسی توانائی سے چلنے والے رکشوں اور سرکلر ریلوے کی بحالی کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 90 فیصد ڈرائیوروں کے پاس گاڑی چلانے کا لائسنس نہیں!
تاہم آج ہونے والی سماعت میں سندھ حکومت اپنے فیصلوں پر تسلی بخش پیش رفت نہ دکھا سکی جس کے بعد عدالت عظمی نے اپنے گذشتہ حکم نامے کو بحال کرتے ہوئے چنگ چی رکشوں کا اندراج فوری طور پر شروع کرنے اور انہیں سڑکوں پر چلانے کے لیے اجازت نامے جاری کرنے کا فیصلہ سنایا۔ کیس کی آئندہ سماعت تین ماہ بعد کی جائے گی۔
کراچی میں چنگ چی رکشوں کی موجودگی سے ہونے والے فوائد و نقصانات پر بحث طویل عرصے سے جاری رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ مافیا کی من مانیوں سے پریشان کراچی کے شہریوں نے چنگ چی رکشوں کی آمد کو خوش دلی سے قبول کیا تاہم ذاتی گاڑی اور موٹر سائیکل رکھنے والے افراد ی بڑی تعداد ہمیشہ چنگ چی کو ٹریفک مسائل اور حادثات کی بنیادی وجوہات میں سے ایک قرار دیتی رہی ہے۔ اس حوالے سے عدالت عظمی کے تازہ فیصلے کو ایک اچھا قدم قرار دیا جاسکتا ہے کیوں کہ اس میں عوامی سہولت اور حفاظت دونوں کو اہمیت دی گئی ہے۔