سوزوکی ویتارا کا تاریخی جائزہ

0 233

جاپانی کار ساز ادارے سوزوکی نے سال 1988 میں ایک چھوٹی SUV متعارف کروائی جسے سوزوکی ویتارا (Vitara) کا نام دیا گیا۔ اسے مارکیٹ میں پہلے سے موجود سوزوکی جمنی (Jimny) سے بہتر گاڑی قرار دیا جاتا ہے۔ امریکا میں سوزوکی ویتارا کی پہلی جنریشن سوزوکی سائڈ کِک جبکہ دوسری اور تیسری جنریشن کو سوزوکی گرانڈ ویتارا کے نام سے پیش کی گئی۔ جاپان میں اس گاڑی کو سوزوکی ایسکوڈو (Escudo) کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ لفظ ایسکوڈو دراصل پرتگالی کرنسی کے نام سے اخذ کیا گیا ہے (یاد رہے کہ اب پرتگال میں یورو رائج ہے)۔ سوزوکی ویتارا کی چوتھی جنریشن گزشتہ سال 2015 میں متعارف کروائی گئی ہے۔

پہلی جنریشن (1988 – 1997)

Suzuki Vitara First Generation

جاپان میں سوزوکی ویتارا کی پہلی جنریشن (سوزوکی ایسکوڈو) 1988 میں متعارف کروائی گئی۔ اگلے سال 1989 میں اسے امریکا میں سوزوکی سائیڈ کِک کے نام سے پیش کیا گیا۔ اسے ایک عام رواایتی SUV کے علاوہ دو دروازوں والی کنورٹ ایبل گاڑی کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔ ابتدا میں اس کے دو ماڈلز JX اور JLX سامنے آئے جن میں 1600cc انجن استعمال کیا گیا ہےجو 80 ہارس پاور (60 کلوواٹ) فراہم کرنے کی سکت رکھتا تھا۔ بعد ازاں 1990 میں JLX ماڈل کو ختم کر کے 1991 میں پانچ دروازوں والا ماڈل متعارف کروایا گیا جس میں پچھلی جانب اینٹی لاکس بریکس بھی موجود تھے۔ 1992 میں بہتر 1600cc انجن شامل کیا گیا جو 95 ہارس پاور (71 کلوواٹ) فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ تقریباً چار سال بعد 1996 میں سوزوکی ویتارا کا اسپورٹس ماڈل متعارف کروایا گیا جس میں 120 ہارس پاور (89 کلو واٹ) فراہم کرنے والا 1800cc انجن شامل تھا۔ سوزوکی ویتارا کی پہلی جنریشن کو متعدد دیگر ناموں سے بھی پیش کیا گیا جن میں شیورلیٹ ٹریکر، شیورلیٹ ویتارا، جیو ٹریکر، جی ایم سی ٹریکر، مزدا پروسیڈ لیونتے، پونتیاک سن رنر اور سنتانا 300/350 کافی مشہور ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: آٹو ایکسپو 2016 میں ماروتی سوزوکی ویتارا بریزا پیش کردی گئی

دوسری جنریشن (1997 – 2005)

Suzuki Vitara second Generation

سوزوکی ویتارا کی دوسری جنریشن 7 نومبر 1997 میں منظر عام پر آئی۔ پہلی جنریشن کے مقابلے میں نہ صرف اس کی پیمائش زیادہ تھی بلکہ اس میں شامل انجن بھی پہلے سے زیادہ طاقتور تھے۔ اس کا اندازہ 2001 میں متعارف کروائی جانے والی ویتارا سے لگایا جاسکتا ہے کہ جس میں 2000cc انجن کے علاوہ چاروں پہیوں کی قوت سے چلنے (4WD) کی صلاحیت بھی شامل تھی۔ نیوزی لینڈ میں پیش کیے جانے والے اس ماڈل کو بعد ازاں 2002 اور 2004 میں نئے انداز (face-lift) سے بھی پیش کیا گیا۔ سوزوکی اور جنرل موٹرز کے درمیان شراکت داری ہونے کے بعد سوزوکی ویتارا کو شیورلیٹ ٹریکر کے نام سے فروخت کیا جانے لگا۔ سال 2005 کے بعد شیورلیٹ نے اسے سوزوکی ایکسوڈو کے نام سے فروخت کرنا شروع کردیا۔ گو کہ زیادہ تر ممالک میں اسے سوزوکی گرانڈ ویتارا کا نام استعمال کیا گیا تاہم اسے شیورلیٹ ٹریکر، شیورلیٹر گرانڈ ویتارا، مزدا پروسیڈ لیونتے، سوزوکی ایکسوڈو کے نام سے بھی فروخت کیا گیا۔

تیسری جنریشن (2005 تا حال)

Suzuki Vitara Third Generation

سوزوکی نے سا ل2005 میں ویتارا کی تیسری جنریشن پیش کی۔ اسے جی ایم تھیٹا (Theta) کے پلیٹ فارم پر تیار کیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ اس میں استعمال ہونے والے زیادہ تر پرزے بھی جی ایم تھیٹا ہی سے لیےگئے تھے۔ اس کے باوجود سوزوکی ویتارا کی تیسری جنریشن اور جی ایم تھیٹا کافی مختلف بھی تھیں۔ ان دونوں گاڑیوں میں بنیادی فرق میں سے ایک انجن کی تنصیب بھی تھا۔ ویتارا میں انجن کو لمبائی میں لگایا جاتا تھا جبکہ تھیٹا میں انجن کو ترچھا (چوڑائی میں) نصب کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ سوزوکی ویتارا پچھلے پہیوں کی قوت (RWD) جبکہ جی ایم تھیٹا اگلے پہیوں کی قوت (FWD) سے چلنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔

سوزوکی ویتارا کی تیسری جنریشن کو طویل اور کٹھن سفر کے لیے موزوں ترین گاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔اس کی بنیادی وجہ بہترین گراؤنڈ کلیئرنس اور گیئرز کے درمیان انتہائی کم نسبت (ratio)رہا۔ سال 2008 میں ویتارا کو 4-سلینڈر 2000cc انجن کے ساتھ بھی متعارف کروایا گیا۔

سال 2008 کے بعدسوزوکی ویتارا کوجدید انداز اور دو نئے انجن کے ساتھ پیش کیا گیا۔ ان میں سے ایک 164 ہارس پاور (122 کلو واٹ) جبکہ دوسرا 221 ہارس پاور (165 کلو واٹ) فراہم کرنے کی سکت رکھتا تھا۔ اس مرتبہ ایندھن کی بچت اور حفاظتی سہولیات کی فراہمی پر بھی خاصی توجہ دی گئی اور مزید ایئر بیگز اور ٹریکشن کنٹرول کو تمام ماڈلز کا حصہ بنایا گیا۔ سال 2013 میں نئی گِرل، نئے پہیوں اور اگلی جانب بہتر ہیڈلائٹس کے ساتھ ویتارا کا نیا انداز متعارف کروایا گیا۔ آج بھی کئی ممالک میں سوزوکی ویتارا کی تیسری جنریشن تیار اور فروخت کی جارہی ہے۔

چوتھی جنریشن (2015 تا حال)

Suzuki Vitara Fourth Generation

سوزوکی ویتارا کی چوتھی جنریشن پیرس موٹر شو 2014 کی زینت بنی۔ اسے جاپان میں سوزوکی ایکسوڈو کے نام سے اکتوبر 2015 میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔ چوتھی جنریشن میں تیار کیے جانے والے تمام ماڈلز پیمائش میں پچھلی جنریشن سے کم ہیں۔ اس کے علاوہ ویتارا میں شامل انجن بھی 800cc تک گھٹا دیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے اب سوزوکی ویتارا کو SUV کے بجائے کراس اوور تصور کیا جانے لگا ہے۔

سوزوکی ویتارا S کے نام سے اسپیشل ایڈیشن بھی پیش کیا گیا ہے۔ کئی ممالک میں دستیاب اس خصوصی ایڈیشن میں 1400cc ٹربو چارجڈ پیٹرول انجن شامل ہے۔ اسے 2 پہیوں کی قوت (2WD) سے چلنے والے ماڈل کے علاوہ چاروں پہوں کی قوت (4WD) سے چلنے کی صلاحیت کے ساتھ بھی فروخت کیا جارہا ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.