ٹویوٹا کا نیا آٹومیٹک انجن شٹ-آف فیچر، لا اُبالی ڈرائیوروں کے لیے ایک اچھا قدم

ٹویوٹا نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے ماڈلز میں چند انوکھے فیچرز پیش کرکے ایک مرتبہ پھر سب کو حیران کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی لائن اپ میں دو نئے فیچرز پیش کریں گے جن میں آٹومیٹک پارک اور آٹومیٹک انجن شٹ-آف شامل ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ زبردست فیچرز 2020ء سے ٹویوٹا کی گاڑیوں میں دستیاب ہوں گے۔ جیسا کہ بہترین ڈرائیورز بھی کبھی بے پروائی میں غلطیاں کر جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ٹویوٹا اپنے آئندہ ماڈلز میں دو نئے فیچرز شامل کر رہا ہے جو ایسی کسی غلطی کو بھیانک روپ اختیار کرنے سے روکنے میں مدد دیں گے۔ 

پہلا فیچر آٹومیٹک انجن شٹ-آف اس طرح کام کرے گا جیسے گاڑی کا انجن طے شدہ وقت کے لیے چلتا چھوڑ دیا جائے، تو انجن خود بخود بند ہو جائے گا اور یہ دونوں لحاظ سے فائدہ مند ہے، ہماری سیفٹی کے لیے بھی اور گاڑی کی فیول کھپت کے لیے بھی۔ ایسا ہی فیچر کچھ پرانی گاڑیوں میں بھی پیش کیا گیا ہے جس میں کار زیادہ دیر تک کھڑے رہنے پر ڈرائیور کو بتاتی ہے اور انہیں انجن بند کرنے کا کہتی ہے، لیکن اس مرتبہ یہ فیچر ایک قدم آگے جا رہا ہے اور یہ خود انجن کو بند کر دیتا ہے۔ یہ فیچر مستقبل میں موبائل ایپ کی صلاحیتوں کے ساتھ مل کر مزید بہتر ہوگا جو ڈرائیور کو بروقت اطلاع دے گی۔ 

اس آٹومیٹک انجن شٹ آف کے ساتھ ساتھ ٹویوٹا نے یہ بھی اعلان کیا کہ مستقبل کی کاریں ایک آٹو پارک فیچر کے ساتھ بھی آئیں گی۔ ٹویوٹا کا مطلب یہ نہیں کہ گاڑی از خود پارک ہوگی، بلکہ اگر گاڑی پاتی ہے کہ ڈرائیور گیئر کو پارک (P) میں کیے بغیر باہر نکل جاتا ہے تو گاڑی یہ کام خود کر دے گی۔ یہ خود پارکنگ بریک لگا دے گی۔ حیران کن ہے نا؟ یہ فیچرز خاص طور پر حادثات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ دو فیچرز بظاہر سادہ سے سیفٹی اپڈیٹس لگتے ہیں لیکن حقیقت میں یہ بہت اہم ہیں۔ ڈرائیور عموماً اپنی گاڑیوں کا انجن بند کیے بغیر گیراج سے نکل جاتے ہیں اور خاص طور پر ہائبرڈ گاڑیوں میں۔ 

ان فیچرز کا 2020ء تک نئی ٹویوٹا گاڑیوں میں جگہ پانا متوقع ہے اس لیے میرا ذاتی طور پر ماننا ہے کہ ٹویوٹا کے خریدار اگر ان نئی خصوصیات کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو نئی گاڑی خریدتے ہوئے کچھ انتظار کرلیں۔ ٹویوٹا انڈس کے اچھے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو بین الاقوامی ماڈلز کے مطابق رکھتا ہے، ہو سکتا ہے کہ ٹویوٹا کرولا 2020ء کے فیس لفٹ ورژن میں ان فیچرز کو دیکھیں۔