ٹریفک پولیس کا ہنگامی نمبر بھی 15 میں ضم ہو گیا

سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے اپنی ہیلپ لائن پولیس کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 میں ضم کر دی ہے تاکہ عوام کو مزید سہولت فراہم کی جاسکے۔

ماضی میں ایک 4 ہندسوں کا نمبر 1915 ٹریفک پولیس استعمال کرتی تھی جس پر کال کر کے مسافر کسی خاص روٹ کے بارے میں جان سکتے تھے یا کسی خاص علاقہ میں ٹریفک جام کی رپورٹ کر سکتے تھے۔ چیف ٹریفک پولیس آفیسر رائے اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک کی ہیلپ لائن پولیس کی ہیلپ لائن کے ساتھ پنجاب سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت ضم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کرائم کنٹرول اور ریسکیو 1122 بھی 15 میں ضم کردی گئی ہیں، جب کہ پہلی ہیلپ لائن 1915 کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس لائن کو فوری بند نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کو اگلے 4 سے 5 ماہ تک استعمال کرتے ہوئے عوام کو نئے نمبر کے متعلق آگاہ کیا جائے گا تاکہ ٹریفک سے متعلق تمام سوالات کی کالز کو بھی 15 پر ہموار طریقہ سے منتقل کیا جا سکے۔

شہری 15 ہیلپ لائن ٹریفک جام، ٹریفک وارڈن کے رویہ کی شکایت اور دیگر سفری مسائل کو رپورٹ کرنے کے لیے استعمال کرسکیں گے۔ اس ہیلپ لائن پر ڈرائیونگ لائسنس، چالان کی ادائیگی اور وہیکل مینٹینس جیسی معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔

 

Exit mobile version