غلط موڑ – ٹریفک پولیس کا نیا ریڈیو ڈرامہ

0 221

ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کو ٹریفک قوانین، گاڑی چلانے کے آداب اور محفوظ سفر سے متعلق آگہی فراہم کرنے کی کوششوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہتا ہے۔ اس ضمن میں سال میں کئی ورکشاپس اور سیمینار منعقد کیے جاتے ہیں اور خصوصی مہم کے ذریعے بھی عوام کو متوجہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ البتہ اس بار ٹریفک پولیس کی جانب سے منفرد اور جدید طریقہ کار اپناتے ہوئے ایک ریڈیو ڈرامے کے ذریعے عوام تک پیغام پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے گزشتہ ہفتے کی شب “غلط موڑ” (Wrong Turn) کے نام سے ایک ڈرامہ نشر کیا گیا۔ اس ڈرامے کی کہانی ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو ایک پہیے پر موٹر سائیکل چلانے (وَن ویلنگ) کی کوشش کرتے ہوئے ایک حادثے کا شکار ہوگیا۔ اندوہناک حادثے کے باعث نوجوان اپنی دونوں ٹانگیں گنوا بیٹھا اور یوں زندگی بھر کے لیے معذوری اس کا مقدر بن گئی۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی عوامی ادارے نے انسانی جان کی اہمیت اور اس کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ریڈیو ڈرامے کا سہارا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ کے دوران کی جانے والی 5 سنگین غلطیاں

اس ڈرامہ پر تبصرے کرتے ہوئے شعبہ سوشل سائنسز ے سربراہ ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ اس کہانی سے تمام نوجوانوں کو ایک واضح پیغام دیا جارہا ہے کہ کس طرح ایک شخص چھوٹی سی غلطی سے اپنے خاندان اور عزیز و اقارب کے لیے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ شہری ٹریفک پولیس کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ ریڈیو ڈرامے سے ٹریفک حادثات سے متعلق معاملات اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرامہ نشر کرنے کے علاوہ ٹریفک پولیس اس حوالے سے سیمینار اور ورکشاپ بھی منعقد کر رہی ہے جس میں تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو شرکت کر کے ٹریفک کے نظام میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

پاکستان میں ریڈیو کی رسائی تمام دیگر ذرائع ابلاغ کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ علاوہ ازیں گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی دوران سفر ریڈیو سننے کا شغف رکھتی ہے۔ پاک ویلز کے حالیہ سروے میں شامل 11 ہزار سے زائد پاکستانیوں میں سے 74 فیصد نے تسلیم کیا کہ وہ گاڑی چلاتے ہوئے ریڈیو سننے کے شوقین ہیں۔ لہٰذا ٹریفک پولیس کی جانب سے ریڈیو کو بطور ابلاغی ذریعے استعمال کرنے کی کوشش کو قابل ستائش قرار دیا جاسکتا ہے۔

کیا آپ جانتے ہیں: گاڑی میں سفر کے دوران لوگ کونسے گانے سننا پسند کرتے ہیں؟

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.