اسمارٹ فون سے ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کا آسان ترین طریقہ

0 1,559

کچھ دن قبل ایک عجیب واقعہ پیش آیا۔ شارع فیصل سے ٹیپو سلطان روڈ کی طرف موڑ کاٹتے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے ہمیں گاڑی روکنے کا اشارہ کیا۔ میرے دوست نے گاڑی روکی اور اطمینان سے باہر چلا گیا۔ مجھے تھوڑی حیرانگی تھی کہ دوران سفر نہ ہم نے کوئی سگنل توڑا، نہ کسی دوسرے قانون کی خلاف ورزی کی، پھر روکنے کی وجہ کیا ہو سکتی ہے؟ بہرحال، پولیس اہلکار نے میرے دوست سے سخت لہجے میں ڈرائیونگ لائسنس اور کاغذات طلب کیے۔ پولیس کا تلخ انداز کراچی کے شہریوں کے لیے عام بات ہو چکی ہے، لیکن پھر بھی مجھے اس طرح مخاطب کیے جانے پر غصہ آیا لیکن دوست نے چپ چاپ مطلوبہ کاغذات اہلکار کے حوالے کردیں۔ دستاویزات کو الٹ پلٹ کر دیکھنے کے بعد اہلکار انہیں لے کر کچھ دور موجود اپنے ‘پیٹی بھائیوں’ کی طرف چل دیا اور دوست نے بھی اس کی پیروی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 90 فیصد ڈرائیوروں کے پاس گاڑی چلانے کا لائسنس نہیں!

میں گاڑی میں بیٹھا باقی کی کارروائی نہ سمجھ سکا۔ تقریباً پندرہ منٹ تک پولیس اہلکاروں اور میرے دوست کے درمیان بحث جاری رہی یہاں تک کہ دوست پریشانی کی حالت میں واپس آیا اور بتایا کہ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس جعلی ہے۔ کانوں پر یقین نہ آیا تو دوبارہ پوچھا جس پر انہوں نے مزید کرختلہجے میں کہا کہ “تم نے جعلی لائسنس بنوایا ہے، اس لیے بھاری جرمانہ ہوگا۔” لاکھ یقین دہانی کروائی کہ یہ لائسنس ٹریفک پولیس ناظم آباد شاخ سے بنواطویل بھآگ دوڑ کے بعد بنوایا ہے لیکن انہوں نے بات نہ ماننی تھی، سو نہ مانی۔ بعد ازاں ایک ہزار روپیہ جرمانہ وصول کرنے کے بعد تنبیہ کے ساتھ دوست کو کاغذات واپس کیے گئے کہ جعل سازوں سے دور رہو اور فوری طور پر اصلی لائسنس بنواؤ۔ جرمانے کی کوئی رسید بھی نہیں تھمائی گئی اور یوں سر عام لٹ گئے۔

دفتر پہنچے اور ایک ساتھی کو یہ معاملہ سنایا تو پتہ چلا کہ ان کے ساتھ یہی کارروائی کچھ دن پہلے نیشنل اسٹیڈیم کے قریب ہو چکی ہے۔ نجانے کتنے لوگ روزانہ اس ذہنی اذیت اور کوفت سے گزرتے ہوں گے۔ اس مسئلے کا حل ڈھونڈناشروع کیا تو کوشش ایک موبائل ایپلی کیشن پر جاکر تمام ہوئی، جس کی مدد سے ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے میں چار گنا اضافہ ضروری ہے

اینڈرائیڈ فون کے لیے تیار کی گئی ایپلی کیشن “ڈرائیونگ لائسنس سندھ” کے نام سے گوگل پلے اسٹور پر بالکل مفت دستیاب ہے۔ یہ ایپلی کیشن ٹریفک پولیس کے آن لائن سرور میں درج معلومات سے تصدیقی عمل انجام دیتی ہے جس کے لیے انٹرنیٹ کنکشن ضروری ہے۔ لہٰذا اسے استعمال سے قبل اپنا اسمارٹ فون وائی فائی یا موبائل انٹرنیٹ سے منسلک کرلیں۔ ایپلی کیشن استعمال کرنے کا طریقہ بہت ہی سادہ ہے۔ اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر یا لائسنس نمبردرج کر کے باآسانی اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس جائز ڈرائیونگ لائسنس ہے تو یہ ایپلی کیشن آپ کی تمام تفصیلات بشمول لائسنس رکھنے والے کا نام، ڈرائیونگ لائسنس کی قسم، تاریخ اجراء و تنسیخ وغیرہ دکھائے گی۔

verified verified-two

اگر آپ کے نام پر جائز لائسنس نہیں تو قومی شناختی کارڈ نمبر درج کرنے کے باوجود کوئی نتیجہ ظاہر نہ ہوگا۔

not-verified

اگر آپ جائز لائسنس رکھتے ہیں اور پھر بھی آپ کا نام اس ایپلی کیشن میں ظاہر نہیں تو تصدیق کے لیے ٹریفک پولیس کی قریبی شاخ سے رجوع کریں۔

گو کہ اس موبائل ایپلی کیشن کی قانونی حیثیت معلوم کرنا فی الحال ممکن نہیں لیکن بیچ سڑک پر اگر کوئی آپ کے جائز لائسنس کو جعلی قرار دے تو تصدیق کا اس سے زیادہ تیز اور موثر طریقہ فی الحال دستیاب نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افراتفری کی بدترین مثال: عام شہری اور پولیس اہلکار گتھم گتھا ہوگئے

ایک عام شہری کی طرح میں بھی صرف امید ہی کرسکتا ہوں کہ جب کبھی پولیس کے نظام میں بہتری کی جائے گی اور انہیں عوامی نمائندوں کے ماتحت کیا جائے اور جوابدہ بنایا جائےگا، تب ایس ایم ایس اور دیگر ذرائع سے ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تصدیق بھی ممکن ہوجائے گی اور آئے روز کی پریشانیوں سے جان چھوٹ جائے گی۔

آخر میں ایک اور تجویز دیتا چلوں کہ اپنی حلال روزی گنوانے سے قبل گاڑی میں ڈیش کیمز (Dash-cams) لگوائیں۔ اس سے اگر کوئی آپ کو کہیں ٹھگ بھی لے تو کم از کم ان چہروں کو بے نقاب تو کرسکیں گے جو پولیس کی وردی پہن کر سادہ لوح عوام کو بے وقوف بناتے ہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.