زمکو مونسٹر ZX 250-D کروزر پاکستان میں متعارف

پاکستان میں گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے شوقین افراد کے لیے خوش خبریوں کا سلسلہ چل نکلا ہے۔ آپ گاڑی چلانا پسند کرتے ہوں یا پھر موٹر سائیکل، دونوں ہی طرح کی نت نئی سواریوں کی پیشکش روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔ چند ہفتے پہلے ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ ہائی-اسپیڈ 150cc کیفے ریسر موٹر سائیکل پاکستان میں متعارف کروانے جارہی ہے۔ اس سے قبل موٹر سائیکل بنانے والے دیگر ادارے بھی متعدد ماڈلز پاکستان میں پیش کرچکے ہیں۔ روڈ پرنس ویگو سے لے کر آرکی 150cc اور سپر پاور لیو 200 تک، ہر طرز کی موٹر سائیکل اب پاکستان میں باآسانی دستیاب ہوچکی ہے۔

اور اب، دستیاب موٹرسائیکلوں کی فہرست میں تازہ ترین اضافہ زمکو مونسٹر ZX 250-D کروزر کا ہوچکا ہے۔ جی ہاں! زمکو نے اپنی 250cc کروزر موٹر سائیکل پاکستان میں پیش کردی ہے۔ اس نئی موٹر سائیکل کی تعارفی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی۔

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، مونسٹر ZX 250-D میں 250cc انجن لگایا گیا ہے۔ یہ دو سیلنڈر (V-ٹوئن)، 4-اسٹروک، ایئر کولڈ یونٹ والا انجن ہے جو کہ برقی فیول انجکشن سے بھی مزین ہے۔ یوں، دیگر 250cc انجن والی موٹر سائیکلوں کے مقابلے میں زمکو مونسٹر نسبتاً کم ایندھن خرچ کی خصوصیت کی حامل ہے۔ اس موٹر سائیکل کا مجموعی وزن 165 کلوگرام ہے۔ اس کے آگے اور پیچھے دونوں ٹائرز پر ڈسک بریکس لگائے گئے ہیں۔ زمکو کے مطابق ZX 250 کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ فیول ٹینک کی بات کریں تو زمکو مونسٹر 250 میں زیادہ سے زیادہ 18 لیٹر ایندھن کی گنجائش موجود ہے۔

سیلف-اسٹارٹر کی قابلیت کے علاوہ اس موٹر سائیکل میں آپ کو جابجا ایل ای ڈیز نظر آئیں گی۔ اس کی ہیڈلائٹس اور بریکس کے علاوہ دائیں اور بائیں مڑنے کا اشارہ دینے والی لائٹس بھی ایل ای ڈیز ہی ہیں۔

زمکو نے نئی 250cc کروزر کی قیمت 4 لاکھ 25 ہزار روپے رکھی ہے اور اسے پیشگی بُکنگ کے بعد ہی حاصل کی جاسکتا ہے۔ اپنی موٹر سائیکل بُک کروانے کے لیے 75 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے جس کے 45 سے 60 روز بعد موٹر سائیکل آپ کو فراہم کی جائے گی۔

ZXMCO Monster 250cc PakWheels

 

 

 

Exit mobile version