ہنڈا کی ہائبرڈ کار پاکستان میں کب لانچ کی جائے گی؟

پاکستان میں کئی مقامی کار کمپنیز کی جانب سے ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو اپنانے اور ہائبرڈ ماڈلز لانچ کرنے کے باوجود ہنڈا اٹلس اس بارے فیصلہ کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار نظر آتی ہے۔ یہاں تک کہ نئی آںے والی کمپنیز جیسا سازگار انجینئرنگ نے بھی ہائبرڈ گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے ہائبڑڈ ایس یو وی ایچ ای وی متعارف کروائی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہنڈا پاکستان میں کب اپنی ہائبرڈ کار کو منظر عام پر لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

کمپنی آفیشل کا بیان

پاکستان آٹو شو (PAPS) 2023 میں پاک ویلز نے ہنڈا کے حکام کے ساتھ بات چیت کی۔ دسمبر کے اوائل میں ٹویوٹا کی مقامی طور پر اسمبل شدہ ہائبرڈ کرولا کراس کی لانچ کا حوالہ دیتے ہوئے ہمارے آٹو ایکسپرٹ سنیل منج نے پاکستان میں ہنڈا کے ہائبرڈ کار لانچ کرنے کے منصوبوں کے بارے میں دریافت کیا۔ جس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ‘بہت جلد انشاءاللہ’۔ کمپنی آفیشل نے بتایا کہ وہ منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہیں۔ تاہم، جب لانچ کی تاریخ جیسی مخصوص تفصیلات کے بارے میں پوچھا گیا تو جواب تھا کہ ‘ابھی کوئی اندازہ نہیں’، یعنی تمام تر تفصیلات کو پوشیدہ رکھا گیا ہے۔

ابھی تک، ہنڈا نے پاکستان میں اپنی ہائبرڈ گاڑیوں کی لانچ سے متعلق تاریخ یا مہینے کے حوالے سے کوئی معلومات شیئر نہیں کی ہیں۔ لہذا، ان معلومات سے ہمیں اس بات کا کوئی سراغ نہیں ملتا کہ ہنڈا کی ہائبرڈ کار کب پاکستانی مارکیٹ میں لانچ کرے گی۔

ہیوال H6 HEV

سازگار نے ستمبر 2022 میں مقامی طور پر اسمبل شدہ ہیوال کو لانچ کیا۔ کمپنی نے اس کراس اوور SUV کے دو ویرینٹس لانچ کیے تھے۔

ذرائع کے مطابق کمپنی اگلے سال پاکستان میں مقامی طور پر اسمبل شدہ پلگ ان ہائبرڈ لانچ کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے جو کہ ایک اور بڑی کامیابی ہوگی۔ مقامی طور پر ہائبرڈ کاروں کی اسمبلنگ بلاشبہ پاکستان میں آٹو انڈسٹری میں انقلاب برپا کر دے گی۔

ہنڈا کی ہائبرڈ کار کی لانچ کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔

Exit mobile version