مریخ پر زندگی کی تلاش؛ ناسا 2020 مارس رُووَر بھیجے گا

0 175

ریاست ہائے متحدہ امریکہ کا قومی خلائی تحقیقی ادارہ ناسا 2021 میں مریخ پر بھیجنے کے لیے ایک نئی خودکار گاڑی بنانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ اس نئی گاڑی(جسے مریخ گاڑی یعنی مارس رُووَر کا نام دیا گیا ہے) کا ڈیزائن تکمیل کے مراحل میں ہے اور اس کی تیاری جلد شروع کیے جانے کی توقع ہے۔ اس نئی مریخ گاڑی کو زمین سے اگست 2020 میں بھیجا جائے گا اور پھر یہ گاڑی تقریباً 7 ماہ سفر کرنے کے بعد فروری 2021 میں مریخ پر پہنچ جائے گی۔ اس سے قبل ناسا کی جانب سے کیوروسٹی روبالا نامی روبوٹک گاڑی بھی سال 2012 میں سرخ سیارے پر بھیجی جاچکی ہے۔

واشنگٹن میں ناسا کے سائنس مشن ڈائریکٹوریٹ کے قائم مقام ناظم جیفری یودر نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ مارس رُووَر 2020 ان ممکنہ مہمات کی جانب پہلا قدم ہے جن سے سرخ سیارے پر موجود مٹی اور دیگر دھاتوں کے منتخب نمونے باحفاظت زمین پر منگوائے جاسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیس X کے تیار کردہ فیلکن 9 راکٹ کی سمندر میں پہلی کامیاب لینڈنگ

NASA Mars Rover 2

اس نئی خود کار گاڑی کا سب سے دلچسپ کام مریخ پر زندگی کے آثار تلاش کرنا ہے جس کے لیے یہ چھوٹے سے چھوٹے ذرات کا بھی انتہائی باریک بینی سے جائزہ لے گی۔ اس گاڑی میں شامل تین کیمروں کی مدد سے مریخ پر موجود قدرتی ذرات کا بغور معائنہ کیا جائے گا جس سے معمولی حیات کے امکانات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ اس مقصد کے لیے مریخ پر بھیجی جانے والی گاڑی میں گرد اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی سینسرز کے ساتھ ایک راڈار بھی لگایا گیا ہے جو سرخ زمین پر نمونے تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ نمونے حاصل کرنے کے بعد یہ خود گاڑی انہیں کسی محفوظ مقام پر منتقل بھی کرے گی تاکہ مستقبل میں ان محفوظ شدہ نمونوں کو زمین پر لایا جاسکے۔

یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ جدید خودکار گاڑی مریخ پر اپنے نزول کی ویڈیو آواز کے ساتھ بھی بھیج سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے مریخ گاڑی پر ایک مائیک نصب کیا گیا ہے تاکہ سرخ زمین پر چلنے والی ہواؤں کی آواز سنی جاسکے۔ گو کہ اس گاڑی کو نئے سرے سے ڈیزائن اور تیار کیا جارہا ہے تاہم اس کے کئی ایک پرزے کیوروسٹی روبالا سے اخذ کیے گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں بھی 6 پہیے شامل ہیں اور اس کا وزن تقریباً ایک ٹن ہے۔

NASA Mars Rover 3

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.