آر پی ایم سے متعلق بنیادی معلومات اور اہم سوالوں کے جوابات

0 745

دور جدید کی تقریباً تمام ہی گاڑیوں میں RPM میٹر موجود ہوتا ہے جسے عرف عام میں ٹیکومیٹر بھی کہا جاتا ہے۔ اس سے پہلے کہ ہم اس میٹر سے متعلق تفصیلی بات کریں، میں اپنے قارئین کو بتاتا چلوں کہ RPM دراصل ایک منٹ میں گردش مکمل کرنے یعنی Revolution Per Minute کا مخفف ہے۔ گاڑی کے انجن کے سلینڈر میں چند ڈنڈنے موجود ہوتے ہیں جنہیں pistons کہا جاتا ہے اور یہ پسٹن ایک کرینک شافٹ (carnkshaft) سے جڑے ہوتے ہیں۔گاڑی کا انجن اسٹارٹ کرنے پر کرینک شافٹ گھومنا شروع کردیتے ہیں جس سے پسٹن اوپر اور نیچے کی جانے حرکت کرتے ہیں۔ پھر پسٹن کے اوپر اور نیچے ہونے سے کرینک شافٹ گھومنے لگتے ہیں اور اسی گھماؤ کو revolution کہا جاتا ہے۔ مجھے امید ہے اب آپ سمجھ چکے ہوں گے کہ RPM کا مطلب فی منٹ میں کرینک شافٹ گھومنے کی تعداد ہے۔

انجن کے RPM سے متعلق جاننا کیوں ضروری ہے؟
گاڑی کے ڈیش بورڈ پر دیئے جانے والے RPM میٹر سے انجن سے متعلق کئی چیزیں معلوم ہوتی ہیں۔ یہ RPM میٹر ڈرائیور کو گیئر تبدیل کرنے کی بھی راہنمائی فراہمی کرتا ہے اور مناسب RPM کے مطابق گیئر تبدیل کرنے سے گاڑی میں زیادہ سے زیادہ ایندھن بچایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکو میٹر ڈرائیور کو انجن اور گیئر باکس کے مختلف مسائل کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے۔ عام طور پر ٹیکو میٹر 1000 حاصل ضرب میں فی منٹ گھماؤ بتاتا ہے۔ مثلاً اگر ٹیکو میٹر کی سوئی 4 پر ہے تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ انجن 4000 RPM پر چل رہا ہے۔ ٹیکو میٹر پر زیادہ سے زیادہ RPM کی حد سرخ (red) لائن میں نشان زدہ ہوتی ہے۔ اگر کوئی گاڑی مسلسل سرخ لائن سے زیادہ RPM پر چلتی رہے تو اس سے انجن خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ لہٰذا بہتر یہ ہے کہ ٹیکو میٹر پر درج حد سے تجاوز نہ کریں خاص طور پر گیئر شفٹ کرتے ہوئے دیکھ لیں کہ ٹیکو میٹر کی سوئی سرخ لائن سے پیچھے ہو۔

RPM Gauge 1

ٹیکو میٹر گیئر تبدیل کرنے میں کیسے مدد کرتا ہے؟
اگر آپ کے پاس مینوئل گیئر باکس کی حامل گاڑی ہے تو ٹیکو میٹر بہتر انداز سے گیئر تبدیل کرنے میں آپ کو مدد فراہم کرسکتا ہے۔ گاڑی چلاتے ہیں اس کی رفتار آہستگی سے بڑھائیں۔ جب میٹر کی سوئی 1300 RPM یا 1500 RPM دکھانے لگے تو آہستگی سے کلچ چھوڑیں۔ یا پھر RPM میٹر کو 500 تک لے جاکر آہستہ آہستہ رفتار بڑھانا شروع کریں (اس طریقے پر عمل کرتے ہوئےہلکا سا جھٹکا محسوس ہوسکتا ہے)۔ تیز رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے گیئر تبدیل کرنے کے لیے 3000 یا 3500 آر پی ایم بھی تجویز کیا جاتا ہے۔ اگر آپ کو گاڑی بھگانے کی جلدی ہے تو ٹیکو میٹر کے 5000 RPM پر پہنچتے ہی گیئر تبدیل کرلیں۔

RPM redline

کیا ٹیکو میٹر انجن کی کارکردگی سے متعلق بھی بتاتا ہے؟
جی ہاں۔ ٹیکو میٹر یعنی RPM میٹر ڈرائیور کو انجن سے متعلق بہت سے معلومات فراہم کرسکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ گاڑی رکی ہوئی ہو یا چل رہی ہو دونوں ہی صورتوں میں RPM میٹر کو ہر گز نظر انداز نہ کریں۔

رکی ہوئی گاڑی میں RPM میٹر کیا بتاتا ہے؟
انجن اسٹارٹ ہو لیکن گاڑی رکی ہوئی ہو تو ٹیکو میٹر کی سوئی بالکل ساکت (800 RPM کے قریب) ہونی چاہیے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی کا انجن بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے۔ اور اگر رکی ہوئی گاڑی میں AC چلایا جائے تو ٹیکو میٹر کی سوئی ہر 10 سیکنڈ میں 100 RPM تک جانی چاہیے۔ جب انجن گرم ہوتا ہے تو ٹیکو میٹر کی سوئی 100 RPMs تک گرجاتی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجن میں کوئی مسئلہ ہے۔ ٹیکو میٹر کی سوئی تیزی سے آگے پیچھے ہونے کا مطلب ہے کہ انجن چلنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔

چلتی ہوئی گاڑی میں RPM میٹر کیا بتاتا ہے؟
ایک مخصوص رفتار میں سفر کرتے ہوئے اگر ٹیکو میٹر کی سوئی ساکت رہے لیکن گاڑی کی رفتار کم ہونے لگے تو یہ انجن میں کسی قسم کے (گیئر باکس وغیرہ میں) مسئلہ کی علامت ہے۔ اگر ٹیکو میٹر کی سوئی اچانک بہت اوپر چلی جائے لیکن گاڑی کی رفتار نہ بڑھے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ایندھن کی فراہمی میں کوئی مسئلہ درپیش ہے اور انجن کا فی الفور معائنہ درکار ہے۔

انجن کی کارکردگی بہتر بنانے اور اسے زیادہ عرصے تک قابل استعمال رکھنے کے لیے درج ذیل امورذہن نشین کرلیں:
– ٹیکو میٹر پر نظر رکھیں اور سرخ لائن پر سوئی کی موجودگی میں کبھی بھی گیئر تبدیل نہ کریں
– رفتارکم کرنے کے لیے ایک کے بعد دوسرے گیئر پر منتقل ہوں۔یک دم سب سے کم گیئر پر چلے جانے سے RPM بڑھ جانے کا خدشہ رہتا ہے۔
– گاڑی کی رفتار یک دم نہ بڑھائیں کیوں کہ اس سے RPM کی رفتار اچانک بڑھ جانے اور انجن کا نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

ٹیکو میٹر کا مقصد ڈرائیور کو بہتر انداز سے گاڑی چلانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ گیئر تبدیل کرتے ہوئے RPM کا خیال رکھ کر آپ ایندھن کے اضافی خرچ اور انجن کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اس حوالے سے مزید جاننے کے لیے کار ساز ادارے کا فراہم کردہ ہدایت نامہ ضرور پڑھیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.