گاڑی کو نقصان پہنچانے والی 7 بری عادتیں!

0 671

گاڑی خریدنا اور اسے بہترین حالت میں رکھنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ خاص کر جب آپ پاکستان جیسے ملک میں رہتے ہوں کہ جہاں گاڑیوں کی قیمتیں کافی زیادہ ہوں تو ایسے میں گاڑی کا حصول کسی بڑے کارنامے سے کم نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گاڑی خریدنے والا ہر شخص اسے بہترین حالت میں زیادہ سے زیادہ عرصے تک قابل استعمال رکھنا چاہتا ہے۔ لیکن بعض اوقات گاڑی چلاتے ہوئے ہماری کچھ ایسی عادتیں بن جاتی ہیں کہ جن پر مسلسل عمل کرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہی میں سے چند پر آج بات کریں گے تاکہ ہمارے قارئین ان عادتوں کی اصلاح کر کے گاڑی کو کئی خرابیوں سے محفوظ رکھ سکیں۔

گاڑی روکے بغیر ریورس گیئر لگانا

بہت سے ڈرائیور حضرات آگے کی سمت میں گاڑی چلاتے ہوئے اچانک ریورس گیئر لگادیتے ہیں۔ اس سے گاڑی کے گیئر باکس یعنی ٹرانسمیشن کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔گیئر باکس کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ریورس گیئر لگانے سے پہلے گاڑی کو روکیں۔ یعنی اگر آپ مینوئل گیئر والی گاڑی چلارہے ہیں تو 1 سے اور اگر آپ آٹومیٹک گیئر والی گاڑی چلارہے ہیں تو D سے ریورس پر آنے سے قبل گاڑی کو بالکل کھڑا رکھیں۔ گاڑی کو روک کر گیئر تبدیل کرنے میں بہت زیادہ وقت نہیں لگتا لیکن یہ آپ کو نقصان سے ضرور محفوظ رکھ سکتا ہے۔

Change-Gears

غیر معمولی رفتار سے گاڑی چلانا

یہ عادت بہت سے ڈرائیور حضرات میں پائی جاتی ہے۔ اس سے نہ صرف جانی نقصان کا اندیشہ رہتا ہے بلکہ یہ عمل گاڑی کے انجن اور بریک کے لیے بھی شدید نقصان کا باعث ہے۔ پوری رفتار سے گاڑی دوڑانے کی کوشش انجن اور گیئر باکس پر بہت زیادہ بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ اس کے علاوہ یہ بریکس کی کارکردگی کو بھی شدید متاثر کرتا ہے کیوں کہ جتنی زیادہ گاڑی کی رفتار ہوگی بریک کو گاڑی روکنے کے لیے اتنی ہی زیادہ قوت صرف کرنا پڑے گی۔

پاک ویلز کے ذریعے اپنی پسندیدہ گاڑی پاکستان منگوانے کے لیے یہاں کلک کریں

Speeding to the Limit

مسلسل کلچ دبائے رکھنا

مینوئل گیئر والی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیور صاحبان کی دو عادتیں گاڑی کو بہت زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں۔ پہلی یہ کہ ٹریفک سگنل پر گاڑی روکنے کے باوجود کلچ کو دبائے رکھنا اور دوسری یہ کہ سفر کے دوران گاڑی بھی بایاں پیر مسلسل کلچ کے اوپر ہی رکھنا۔ گاڑی روکنے کے بعد بھی کلچ کو دبائے رکھنے سے نہ صرف کلچ پلیٹ، پریشر پلیٹ بلکہ گیئر باکس کے دیگر پرزوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ جبکہ سفر کے دوران کلچ پر دباؤ برقرار رکھنے سے مکمل گیئر باکس خراب ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے کلچ کو صرف گیئر بدلتے وقت ہی استعمال کریں۔

Foot on clutch

ایندھن کی کمی کے باوجود گاڑی چلاتے رہنا

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بہت سے ڈرائیور اس وقت تک دوبارہ ایندھن نہیں ڈلواتے کہ جب تک گاڑی میں موجود ایندھن کا آخری قطرہ تک ختم نہ ہوجائے۔ کاش کہ انہیں کوئی سمجھائے کہ کم ایندھن کے باوجود مسلسل گاڑی چلانے سے فیول پمپ خراب ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی میں کم ایندھن استعمال کرتے ہوئے طویل سفر کرنے کی صلاحیت کو بھی اس سے شدید نقصان پہنچتا ہے۔ فیول ٹینک بالکل خالی یا ایندھن کی کمی کی صورت میں دستیاب ایندھن بخارات میں تبدیل ہو کر ضائع بھی ہوسکتا ہے۔

Low fuel

انجن پر مسلسل اور بہت زیادہ دباؤ

گاڑی چلانے سے قبل بہتر ہے کہ انجن کو اسٹارٹ کر کے چھوڑ دیا جائے تاکہ وہ مناسب درجہ حرارت تک پہنچ جائے اور پھر گاڑی چلانے کے لیے قوت فراہم کرنے کے قابل ہوجائے۔ بعض ماہرین کھڑی گاڑی میں 2 منٹ تک انجن چلائے رکھنے کا مشورہ بھی اسی وجہ سے دیتے ہیں۔ انجن کو مناسب درجہ حرارت تک پہنچنے سے پہلے اس پر یکدم اور مسلسل دباؤ ڈالنے سے درجہ حرارت بہت تیزی سے تبدیل ہونے لگتا ہے اور اس سے انجن کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

rpm

گیئر پر ہاتھ جمائے رکھنا

مینوئل گیئر باکس کی حامل گاڑیاں چلانے والوں میں ہاتھ کو مسلسل گیئر پر جمائے رکھنے کی عادت بہت عام ہے۔ ظاہری طور پر یہ عمل غلط یا نقصان کا باعث نہیں لگتا تاہم ہاتھ رکھے رہنے سے گیئر باکس پر مسلسل دباؤ بڑھتا رہتا ہے اور اس کی کارکردگی متاثر ہونے لگتی ہے۔ اس لیے ڈرائیونگ کے دوران دونوں ہاتھ اسٹیئرنگ ویل پر ہی رکھنا زیادہ مفید ہے۔

resting-hand-on-gear-knob

گاڑی میں بہت زیادہ بوجھ لادنا

جتنا زیادہ وزن گاڑی میں موجود ہوگا انجن، سسپنشن اور بریک کو اتنی ہی زیادہ قوت کو صرف کرنا پڑے گی۔ انجن پر پڑنے والے اضافی بوجھ سے ایندھن بھی زیادہ خرچ ہوگا یوں بچت ہونا ممکن نہیں رہے گی۔ اس لیے کوشش کریں کہ گاڑی میں کسی بھی قسم کا غیر سامان نہ رکھیں اور سفر سے پہلے ہر ممکن بوجھ سے گاڑی کو آزاد رکھیں۔

Car carrying weight

یہ ڈرائیور حضرات کی چند بری عادتیں ہیں کہ جن سے گاڑی کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچتا ہے اور وقت سے پہلے کئی طرح کی خرابیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر ہم چاہیں تو ان بری عادتوں کو ترک کر کے نہ صرف گاڑی کو بہتر انداز میں استعمال کرسکتے ہیں بلکہ مرمت وغیرہ پر آنے والے اضافی اخراجات سے بھی خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.