الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور رکشے مقامی طور پر بنائے جائیں گے

0 360

کابینہ نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک وہیکل (EV) پالیسی منظور کی ہے جس کے تحت ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور رکشے بنانے کے لیے پیداواری پلانٹس لگائے جائیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروانے سے ملک کو بہت فائدہ ہوگا۔ الیکٹرک کاریں بالآخر روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی جگہ لے لیں گی اور ماحول پر کاربن کے مضر اثرات کم کرنے کے علاوہ ملک کو تیل کی درآمدات میں سالانہ 2 ارب ڈالرز کی بڑی بچت بھی دیں گی۔ کابینہ الیکٹرک وہیکل (EV) پالیسی کی منظوری دے چکی ہے جو ملک کے اقتصادی شعبے میں انقلاب کے نئے دروازے کھول دے گی۔ ابتدائی مرحلے میں موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی میں منتقل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم 2030ء تک ملک بھر کی 30 فیصد گاڑیاں الیکٹرک پر منتقل کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔ اس خواب کو پورا کرنے کے لیے حکومت ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشوں کے پیداواری پلانٹس لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ 

موٹر سائیکل اور رکشوں کو الیکٹرک سسٹم پر منتقل کرکے ملک سالانہ درآمدی بِل میں بہت بڑی کمی لا سکتا ہے اور ساتھ ہی ماحول کو کاربن سے پاک کرکے اس کے مُضر اثرات سے بھی بچ سکتا ہے۔ پہلے یہ بھی پتہ چلا تھا کہ وفاقی حکومت نے ایک پرائیوٹ رائیڈ ہیلنگ سروس کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ وہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروائے۔ اس شراکت داری کے تحت کمپنی ملک میں اپنی ٹرانسپورٹ بس سروس کو توسیع دینے کے لیے 12 ارب روپے خرچ کرے گی۔ یہ کمپنی اپنی ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں الیکٹرک بسیں شامل کرے گی جو ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے کلچر کو پروان چڑھائے گی۔ 

اس کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان نے وزارت تجارت، صنعت و پیداوار کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کو بہتر انداز میں نافذ کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو رہنمائی فراہم کرے۔ 

الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروانے سے ان کی مرمت پر آنے والی لاگت بھی کم ہوگی کیونکہ ان گاڑیوں میں نہ ہی ایندھن جلانے والا انجن ہوتا ہے اور نہ ہی متعلقہ پارٹس۔ واضح رہے کہ کراچی میں ایک مقامی کمپنی بھی موٹر سائیکل، رکشوں اور کاروں کے لیے EV کنورژن کِٹ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 

اپنی رائے نیچےتبصروں میں پیش کیجیے اور گاڑیوں کی دنیا سے مزید خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.